بدعنوان عناصر نے ملک کی معاشی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا، میاں مقصود 

200

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پانامازدہ حکمران ملک میں احتساب کانظام نہیں چاہتے۔اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن اور کرپٹ افراد کی لوٹ مارکابازار گرم ہے۔ملک کا کوئی ادارہ ایسا نہیں جس میں کرپشن اور لوٹ مار نہ ہورہی ہو۔کرپٹ سسٹم اور نااہل افراد کی اہم عہدوں پر تعیناتیوں نے ملکی اداروں کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کو ناسور قراردیتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑپھینکنے کاوعدہ عوام سے کیا تھا مگرخود ان کے بڑے بڑے اسکینڈل سامنے آچکے ہیں۔کرپشن میں ملوث حکمران طبقہ کرپشن کاخاتمہ کیسے کرسکتا ہے؟۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی معاشی صورتحال زبوں حالی کاشکار ہے۔ میرٹ کے برعکس نااہل افراد کو نوازنے کی وجہ سے ملک میں سنگین مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، دہشت گردی، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ جیسے بڑے مسائل کسی اژدھاکی مانند منہ کھولے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کرپشن کے آئے روز نت نئے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔کرپٹ عناصر نے ملک کی معاشی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے جبکہ انسداد کرپشن کے نیب سمیت دیگر تمام ادارے ملک سے کرپشن کاقلع قمع کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ پولیس میں اربوں روپے کی حالیہ کرپشن کرنے کاانکشاف ہواہے جوکہ حکمرانوں کی گڈگورننس کاپول کھول دینے کے لیے کافی ہے۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ہماراسب سے بڑاالمیہ ہے کہ منتخب حکومتیں بجٹ میں بڑے بڑے کاغذی منصوبے دکھاکر رقم مختص توکروالیتی ہیں مگر نااہلی،غیر سنجیدگی اور ذاتی مفادات کے پیش نظر غیر ضروری کاموں کو اولیت دینے کے باعث خرچ نہیں کرپاتیں جس سے بنیادی ضروریات سے محروم علاقوں کے درمیان احساس محرومی بڑھ رہاہے۔ جب تک حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کاتسلسل جاری ہے تب تک بہتری نہیں آسکتی۔