پاکستان بھارت کی دہشت گردی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے

179

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف، چودھری نوید اسلم، رانا نعیم اکرم اور میاں عبدالستاربیگا نے مشترکہ بیان میں ایل او سی پر بھارت کی جانب سے آئے روز بلااشتعال فائرنگ کرکے شہریوں کو شہیدکرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کھلم کھلا دہشت گردی کررہا ہے جبکہ ہمارے حکمران بھارت کے آگے بھیگی بلی بننے کے بجائے اس کا منہ توڑ جواب دیں۔ بھارتی سفیر کو فوری طور پر طلب کرکے ملک بدر کیا جائے اور حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارت کی اس دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ اگر اس موقع پر خاموشی اختیار کی گئی تو وہ اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آئے گا۔ ہندوستان ہمارا ازلی دشمن ہے، جس نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع خالی نہیں جانے دیا۔ چھے لاکھ سے زائد فوج کشمیر میں کالے قانون کے تحت ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے اور امن کے علمبردار این جی اوز اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت پاکستان دشمنی ختم، کشمیر پر بامقصد مذاکرات، آبی جارحیت اور پاکستان میں تخریبی کارروائیاں ختم نہیں کرتا اس سے نہ تو کسی قسم کی تجارت سود مند ہوسکتی ہے اور نہ ہی دوستی کامیاب۔