زینب کے قاتل گرفتار نہ ہونا حکومتی نااہلی کی انتہاہے، شمس الرحمن

169

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ 12دن گزرنے کے باوجود بھی قصورکی معصوم زینب کے مجرموں کا گرفتارنہ ہوناپنجاب حکومت کی نااہلی کی انتہا ہے۔ اس قدرتاخیرسے محسوس ہوتا ہے کہ مجرموں کا تعلق اشرافیہ سے ہے جن پرہاتھ ڈالتے ہوئے کرپٹ مافیا کے ہاتھ کانپتے ہیں ،نام نہاد خادم اعلیٰ کو اس حوالے سے بے بسی کااظہارکرنے کی بجائے اپنی نااہلی کااعتراف کرتے ہوئے گھرچلے جانا چاہیے۔ گڈگورننس اربوں روپے کے اشتہارات نہیں عوامی ریلیف کی صورت دکھائی دینی چاہیے ۔اپنے بیان میں امیرضلع نے کہاکہ معصوم زینب کے قتل کے واقعے نے بیس کروڑ عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے اور بچیوں کے والدین پریشانی کے باعث راتوں کوسونہیں سکتے ۔ معصوم زینب کا اندوہناک قتل ہر گھر کو سوگوار اور ہر آنکھ کو اشکبار کر گیاہے۔ ہر گھر میں ایک زینب موجود ہے جو حکمرانوں کی نااہلی کے باعث خوفزدہ ہوچکی ہے کہ کہیں کوئی درندہ اس پر حملہ آورنہ ہوجائے ۔