ورلڈ الیون اور قومی ہاکی ٹیم کے درمیان نمائشی میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا،پی ٹی سی ایل ہاکی کپ ٹرافی کی رونمائی 

204

کراچی (سید وزیر علی قادری) پی ٹی سی ایل ہاکی کپ 2018ء ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روزمنعقد ہوئی جس میں بین الاقوامی اسٹارز نے شرکت کی جس کے ساتھ ہی5 روزہ فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔ اس ضمن میں آل اسٹار ورلڈ الیون ٹیم پاکستان کی قومی ٹیم کے خلاف 2 نمائشی میچ کھیلے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی10 پاکستانی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ان کی ہاکی کے لیے نا قابلِ فراموش خدمات پر اعزازات سے نوازے گی۔ 5 پاکستانی اور 5بین الاقوامی کھلاڑیوں کو گولڈ میڈلز دیئے جائیں گے جن میں پاکستان ہال آف فیم میں شہناز شیخ، اختر رسول، سمیع اللہ، حسن سردار اور شہباز شینئر شامل ہوں گے جب کہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں بال لٹجنس (نیدر لینڈز)، کرسچیئن بلنک (جرمنی)، جو آن اسکیئر (اسپین) اور ڈان پرائر (آسٹریلیا) شامل ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف کمرشل آفیسر عدنان شاہد نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کو قومی کھیل کی بحالی اور بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان واپس لانے کی کوششوں میں اپنا حصہ ادا کرنے پر فخر ہے۔ یہ میچز پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک نئی دنیا سے روشناس کرائیں گے کیونکہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف نبرد آزما ہوں گے۔ پی ٹی سی ایل آئندہ بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی کی حمایت جاری رکھے گا۔‘‘اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہپی ایچ ایف پاکستان میں ہاکی کی بحالی پر پی ٹی سی ایل کی کوششوں کو قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔ ہم ملک اور بیرونِ ملک دونوں ہی جگہ ملکی مفادات کو فروغ دینے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، ہم دیگر معروف کمپنیوں سے مزید تعاون کے بھی منتظر ہیں تاکہ ہم اپنے قومی کھیل کو فروغ دے سکیں۔تقریب میں پی ایچ ایف اور پی ٹی سی ایل کے نمائندے شریک ہوئے۔واضح رہے پہلا نمائشی ہاکی میچ آج عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،دوسرا نمائشی ہاکی میچ 21 جنوری لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہو گا۔