کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کھارادر میں تاجروں پر دستی بم حملے کو جرائم پیشہ عناصر کی انتہائی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی علاقوں میں سیکوریٹی کی صورتحال میں بہتری کیلئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی مرتب کی جائے،وسائل، تربیت اور سہولتیں فراہم کرکے سندھ پولیس کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے،انھوں نے کہا کہ کراچی کے سب سے بڑے تجارتی مرکز میں بم دھماکہ سیکوریٹی اداروں کیلئے کھلا چیلنج ہے، انھوں نے اولڈسٹی ایریا کو خصوصی سیکوریٹی زون قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کی مارکیٹوں میں رینجرز اور پولیس کا گشت مستقل بنیادوں پر بڑھایا جائے اور علاقے میں تعمیر کی گئیں حفاظتی چوکیوں میں نفری تعینات کی جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں سے اظہار یکجہتی اور بم دھماکے کے خلاف کیئے گئے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے موقع پر کیا، اس موقع پر ونگ کمانڈر 61ونگ لیفٹیننٹ کرنل طلحہ قریشی، ایس ایس پی سٹی عدیل حسین چانڈیو، ایس پی سٹی شہلا قریشی، میجر شبیر، چیئرمین اولڈ سٹی تاجر اتحاد شیخ محمد عالم ، پولیس و رینجرز کے دیگر افسران اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی، انھوں نے کہا کہ بھتہ خور عناصر گذشتہ چند ماہ سے تاجروں کو بھتے کیلئے دھمکارہے تھے اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضاءقائم کررکھی تھی، بھتہ ادائیگی سے انکار پر جرائم پیشہ عناصر نے بے خوف و خطر کریکر حملہ کرکے علاقے میں اپنی موجودگی اور اثر و رسوخ ثابت کردیا ہے، انھوں نے کراچی چیمبر میں برسرِاقتدار گروپ کے سربراہ کی جانب سے گذشتہ دنوں اولڈسٹی ایریا کے تاجروں کے خلاف جاری کیئے گئے انتہائی غیرذمے دارانہ، منافقانہ اور گمراہ کُن بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں کے خلاف بی ایم جی گروپ کے سربراہ کا بیان کھلی تاجر دشمنی کا اظہار ہے، انھوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر شہر کے کونے کونے میں چھپے بیٹھے ہیں اور موقع میسر آتے ہی شہریوں اور تاجروں کے خلاف وارداتیں کررہے ہیں،انھوں نے کھارادر دستی بم حملے میں ملوّث مجرموں کی فوری گرفتاری اور عبرتناک سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اس قسم کے مزید واقعات کا متحمل نہیں ہوسکتا، بھتہ خوروں نے تاجروں کے خلاف جان لیوا حملہ کرکے ایک نئی جنگ کا آغاز کردیا ہے، تاجر برادری نے ایسے مواقع پر ہمیشہ ہمت، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے،انھوں نے شہر میں دوبارہ سر اٹھانے والے بھتہ عفریت کے خلاف سیکوریٹی اداروں کو بھرپور سپورٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری کراچی کو ایک مرتبہ پھر آگ اور خون میں نہلانے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف کمربستہ ہے، تاجر برادری ماضی کی طرح شہر کے امن کیلئے سیکوریٹی اداروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہوگی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔