اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے چیمبر کے سابق صدر باصر داﺅد کے ہمراہ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ کے ساتھ ملاقات کی اور معاشرے کے غریب طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر عابد وحید شیخ نے بیت المال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای گورننس کو متعارف کرا کر اس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا ہے جو قابل تعریف ہے کیونکہ اس سے ضرورت مند لوگوں کو بہتر خدمات فراہم ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ برسٹر عابد وحید شیخ کی قیادت میں بیت المال مستحق افراد کی بہتری کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن سے بہت سے یتیم بچے، بیوہ خواتین، معزور افراد اور معاشرے کے غریب عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال نے خواتین کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کیلئے سینکڑوں پیشہ وارانہ سکول قائم کئے ہیں جبکہ جو بچے مزدوری کر رہے تھے ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے قومی سنٹرز قائم کئے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال کینسر کے غریب مریضوں سمیت کروڑ روپے مستحق افراد کو فراہم کر رہا ہے جس سے معاشرے کیلئے اس کی مفید خدمات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امیدکا اظہار کیا کہ بیرسٹر عابد وحید شیخ کی قیادت میں پاکستان بیت المال مستقبل میں معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کی بہتری کیلئے مزید اچھے منصوبے شروع کرے گا تا کہ ملک سے غربت و افلاس کو ختم کر کے عوام کا معیار زندگی مزید بہتر کیا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر باصر داﺅد نے کہا یہ بڑی حوصلہ افزاءبات ہے کہ حکومت نے بیرسٹر عابد وحید شیخ کو نجی شعبے سے بیت المال کا سربراہ مقرر کیا ہے جنہوں نے ادارے میں شفافیت اور جدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال ملک سے غربت و تنگ دستی کو کم کرنے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے لہذا مالی طور پر مستحکم تمام افراد کو چاہیے کہ وہ بیت المال کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کریں تا کہ یہ ادارہ مزید بہتر انداز میں فلاحی کاموں کو آگے بڑھا سکے۔