نوجوانوں کو نظر انداز کرکے ملک میں تبدیلی ناممکن ہے،میاں اسلم

111

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کو نظر انداز کرکے ملک میں مثبت تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔جے آئی یوتھ نے کم عرصے میں پنجاب سمیت ملک بھر کے نوجوانوں میں خاصی پذیرائی حاصل کی ہے ہمیں نوجوانوں کو کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ نوجوان طبقہ پاکستان کی کل آبادی کے 60 فیصد حصے پر مشتمل ہے۔ ہمارا بنیادی ہدف نوجوانوں کو متحرک کرتے ہوئے انھیں قومی دھارے میں لاکرملکی لیڈرشپ میں حصہ داربنانا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحمت آباد میں جے آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرضلع شمس الرحمن سواتی،نامزد امیدوارپی پی6 محمدتاج عباسی، امیرزون امتیازعلی اسلم،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردار تفہیم اعظم ،وائس چیئرمین یونین کونسل رحمت آباد شیخ عبدالحمید ،اسلم عباسی سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔میا ں اسلم نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حکومت میں تعلیم اور علاج مفت ہوگا ۔ عدالتوں میں ہر مظلوم کی وکالت حکومت کرے گی ،بیوہ اور یتیموں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک نوجوانوں کو روزگار نہیں ملتا ، انہیں ریاست کی طرف سے بے روزگاری الاؤنس دیا جائے گا اور اسی طرح 70 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا ، جبکہ موذی امراض کا علاج سرکاری اسپتالوں میں مفت ہوگا اور سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کی فیسیں حکومتی خزانے سے دی جائیں گی ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان کے لیے کچھ کر نے والے نو جوا نوں کو قوم کے سامنے لا ئیں گئے تاکہ نوجوانوں کو شعور دلا یا جا سکے، پاکستان کے تما م وسائل سے بڑے وسائل ہمارے نو جوان ہیں بد قسمتی سے ان کے حو الے سے کو ئی منصو بہ بند ی نہیں کی گئی ہم نے ان وسائل کو ضا ئع ہو نے سے بچا نا ہے۔