راولپنڈی؍اسلام آباد

224

راولپنڈی (جسارت نیوز) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن نے کینٹ بورڈ کی جانب سے پندرہ نجی اسکولوں کو گھریلوں علاقوں سے باہر منتقل کرنے کے نوٹس جاری ہونے پر نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی جڑواں شہروں کی تمام تنظیموں کا اہم اجلاس پیر کے روز طلب کرلیا، جس میں نوٹس کیخلا ف کینٹ بورڈ دفتر کے باہر احتجاج، دھرنا سمیت دیگر قانونی چارہ جوئی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آپسیما راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان کی زیر صدرارت گزشتہ روز ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری عامر انور، ضلعی صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری راولپنڈی راجا ثنا اللہ، نائب صدر ڈویژن عطاالرحمن چودھری، سینئر نا ئب صدر فرقان چودھری، کینٹ کے صدر چودھری امجد زیب، جنرل سیکر ٹری را جا وسیم سیفی اور راولپنڈی تحصیل کے صدر آغا شہا ب نے شرکت کی۔ اجلاس میں کینٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس پر سخت تشویش کا اظہا ر کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تجاوزات اور کمرشل پلازوں کے با ہر بے ہنگم پا رکنگ اصل میں ٹریفک مسا ئل کا با عث بن رہے ہیں ،ٹریفک کنٹرو ل کرنا سرکا ری ادا رو ں کا کا م ہے ،لیکن یہا ں اپنی ذمے داریاں نبھا نے کے بجا ئے ملبہ نجی تعلیمی ادا رو ں پھینکا جارہا ہے جو کسی صورت بر داشت نہیں کیا جا ئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی اداروں سے وابستہ سیکڑوں گھرانے متاثر ہوں گے اور درجنوں اساتذہ بے روزگار ہوجائیں گے۔ اگر کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو ایسوسی ایشن متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کینٹ دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔ انہوں نے اس معاملے میں اسٹیشن کمانڈر، سی ای او نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر نوٹس واپس نہیں لیے گئے تو تمام تر ذمے داری کینٹ بورڈ راولپنڈی پر ہوگی۔ اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا اہم اجلاس پیر کو بلائے جانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ یہ اجلاس آپسیما کے مرکزی دفتر سلک سینٹر مری روڈ پر پیر کے روز شام چار بجے منعقد ہوگا۔* ڈی ایس ریلوے راولپنڈی ڈویژن عبدالمالک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی مصروفیات کی وجہ سے کوہاٹ ریل کار کا افتتاح 25 جنوری کے بجائے 24 جنوری کیا جائے گا۔ پاکستان ریلوے نے کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کی سہولت مدنظر رکھتے ہوئے کوہاٹ ریل کار کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ریلوے مستقبل میں عوام کے سفر کو سہل اور محفوظ بنانے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر رضا علی حبیب نے کوہاٹ ریل کار کی بحالی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کوہاٹ ریل کار کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اب 24 جنوری کو کوہاٹ میں کریں گے۔ کوہاٹ ریل کار میں اکانومی کلاس کی بوگیاں لگائی جائیں گی، جن کا کرایہ سیکنڈ کلاس کے برابر لیا جائے گا۔ یہ خصوصی رعایت کوہاٹ اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو دی جائے گی۔ کوہاٹ ریل کار کا افتتاح کے بعد ان کے اوقات کار بنائے گئے ہیں جس کے مطابق 25 جنوری سے راولپنڈی اور کوہاٹ کے درمیان باقاعدہ ٹرین سروس بحال ہوجائے گی۔ راولپنڈی سے روانگی 15.30 سہ پہر اور کوہاٹ آمد 19.00 بجے شام پہنچے گی جبکہ کوہاٹ سے روانگی 7.30 صبح اور راولپنڈی آمد 11.00 بجے دن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ریل میں سفر کریں، عوام کو سفری سہولیات دینے کے لیے پاکستان ریلوے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔* اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے میں بڑی تعداد میں جاری پائلٹس کی بھرتیوں کیخلاف قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ہونے والی بھرتیاں سمجھ سے بالاتر ہیں جبکہ پی آئی اے کے پاس پہلے ہی پائلٹس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور اس کے مقابلے میں جہاز کم ہیں۔ مزید بھرتیوں کے بوجھ سے پی آئی اے کے نقصانات میں مزید اضافہ ہوگا۔ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ چار سال میں پہلے ہی پی آئی اے کے نقصانات بہت بڑھ گئے ہیں۔ یہ نہایت اہم معاملہ ہے، حکومت ایوان میں اس کا جواب دے۔ توجہ دلاؤ نوٹس سید نوید قمر، شازیہ مری، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، اعجاز جاکھرانی، غلام مصطفی شاہ اور دیگر اراکین نے جمع کروایا۔* اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے شاہد محمود کو چار سال کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک تعینات کردیا۔ شاہد محمود فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں خدمات سرانجام دیں گے۔ شاہد محمود ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔* اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں ممتاز سائنس دان ڈاکٹر اشفاق احمد اور دانشور اور کالم نگار منو بھائی اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں سیکورٹی اہلکار اور پولیو ورکرز اور سیکورٹی اہلکار کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مولانا امیر زمان نے ممتاز سائنس دان ڈاکٹر اشفاق احمد، ممتاز کالم نگار اور دانشور منو بھائی اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں پولیو ورکرز اور سیکورٹی اہلکار کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔