اسٹیٹس کو کی حامل قوتیں پاکستان میں سیکولر نظام چاہتی ہیں

187

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت رسول اللہؐ کی میراث ہے لیکن اس پر کرپشن کے بادشاہ اور ظالم مسلط ہیں، بے غیرت حکمرانوں کی وجہ سے مسلمانوں کی عزت ، جان اور مال غیر محفوظ ہیں۔ شرعی سزائیں ہوتیں تو زینب و اسما کی عزتیں نہ لُٹتیں اور نا ہی شریفاں بی بی کو بے عزت کیا جاتا۔ نقیب محسود کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، راؤ انوار کی معطلی ہی کافی نہیں، بے گناہوں کے قتل عام کے الزام میں انہیں سولی پر لٹکایا جائے۔ پاکستان پر پارٹیوں کے نام پر مافیا مسلط ہے، ان کے خلاف اٹھنے اور ان سے جان چھڑانے کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ اسٹیٹس کو کے خلاف دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کو بحال کیا ہے، 2018ء میں اسٹیٹس کو کی حامل قوتوں کو شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالو خان ضلع صوابی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ سے جماعت اسلامی ضلع صوابی کے امیر محمود الحسن، جماعت اسلامی یوتھ صوابی کے صدر سید ظفر علی شاہ بخاری اور دیگر نے خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ امریکی صدر کی دھمکیوں نے جماعت اسلامی کے اس مؤقف کو سچ ثابت کردیا کہ امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اسلام کے خلاف ہے۔ اس وقت حکمران ڈھٹائی سے امریکی جنگ کو اپنی جنگ اور خود کو امریکا کے فرنٹ لائن اتحادی کہتے تھے۔ امریکی جنگ میں پاکستان کو جانی و مالی نقصان کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا اصل مسئلہ حکمرانوں کے لبادے میں چھپے ڈبل شاہ ہیں۔ یہ ڈبل شاہ قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر کے بینکوں میں منتقل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زینب اور اسما کے قاتل اور ڈیرہ اسماعیل خان میں شریفاں بی بی کو بے عزت کرنے والے آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ دونوں صوبوں کی پولیس ان بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ زینب اور اسما کے قاتلوں کو گرفتار کرکے پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی حرکت کرنے کی جرأت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو کی حامل قوتیں پاکستان میں سیکولر اور لادین نظام لانا چاہتی ہیں، جماعت اسلامی نے ان قوتوں کو روکنے کے لیے دینی جماعتوں کو متحد کیا ہے۔ ایم ایم اے کی بحالی سیکولر جماعتوں کی بے حالی ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں دینی جماعتوں کا اتحاد اسٹیٹس کو کی حامی قوتوں کو عبرتناک شکست دے گا۔