لاہور ہائیکور ٹ اور برطانوی عدلیہ میں باہمی تعاون کا معاہدہ ہوگیا

155

راولپنڈی (آن لائن) لاہور ہائی کور ٹ اور برطانوی عدلیہ (جوڈیشری آف انگلینڈ) کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے‘3 سالہ معاہدے کے تحت پنجاب کی عدلیہ میں پہلے سے جاری ’’ انصاف تک رسائی پروگرام‘‘ کے علاوہ ’’جوڈیشل سپورٹ پروگرام‘‘ شروع کیا جائے گا جس میں جوڈیشل ریفارمز، جوڈیشل لیڈرشپ و گورننس، کیس مینجمنٹ سسٹم ، اے ڈی آر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال میں مدد ملی گی اور دوطرفہ تعاون اور وفد کے تبادلوں سے باہمی مفاہمت کو فروغ حاصل ہو گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ ، سینئر جج لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ جسٹس مامون رشید کی موجود گی میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سید خورشید انور رضوی اور برطانوی ہائی کمیشن کی رول آف لا کی سربراہ سوسن لوہیڈ نے برطانوی ایڈ کے دیگر نمائندوں ریچریاٹس اور سائمن چارٹرز کے ہمراہ باہمی تعاون کی یاداشت کا تبادلہ کیا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جسٹس فضل کریم لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عوام کو انصاف دینا عدلیہ کی ذمے داری ہے‘ جس کو ہر سطح پر عدلیہ میں تبدیلیاں لا کر ممکن بنایا گیا ہے‘ لوگوں کو قانون کے مطابق انصاف فراہم ہو رہا ہے۔