امریکہ الزامات نہ لگائے، افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے پیکیج دے، وزیر داخلہ

297

گوادر/نارووال(صباح نیوز+آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ امریکا الزامات لگانے کے بجائے ملک میں موجود 30لاکھ افغان پناہ گزینوں کی قابل عزت واپسی کے لیے امدادی پیکج فراہم کرے، امریکا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ سے پریشان نہیں ہونا چاہیے تاہم ہمارے پاس بھی خارجہ پالیسی پر مبنی دیگر مواقع موجود ہیں،گوادر بزنس
سینٹر کا قیام 6ماہ کے مختصر عرصے میں ہوا تاہم گوادر میں تعمیرات کے پہلے مرحلے میں تقریباً 4ارب ڈالر کی خطیر رقم سے بنیادی ڈھانچے سمیت فری اقتصادی زون کی تکمیل ممکن ہوئی۔گزشتہ روز گوادر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سے یہ امید نہ رکھی جائے کہ حکام 30لاکھ افغان مہاجرین کا جائزہ لے کر یہ بتائیں کہ ان میں سے کون امن پسند ہے اور کون دہشت گردی میں ملوث ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب مہاجرین اپنے ملک واپس لوٹ جائیں گے تو پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد کی عدم موجودگی کی ضمانت دے سکتا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امریکا نے سرحد پار جنگ کے بعد پاکستان کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل دیا لیکن اب واشنگٹن کو الزامات پر مشتمل کھیل کھیلنے سے بہتر ہے کہ اپنی ذمے داری کا بوجھ اٹھائے اور 30لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے۔انہوں کہا کہ اگر پاکستان اور امریکا ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے تو اس کا فائدہ دہشت گرد اٹھا سکتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ سے پریشان نہیں ہونا چاہیے تاہم ہمارے پاس بھی خارجہ پالیسی پر مبنی دیگر مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تمام داخلی مسائل ختم کرنے ہوں گے اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا، محاذ آرائی میں الجھے بغیر صرف امن اور استحکام ہی ہمیں ترقی کی سمت لے جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کو سبوتاژ کرنے کے لیے بعض پڑوسی ممالک مذموم سازشیں کررہے ہیں وہ پاکستان کی اس جغرافیائی حیثیت سے خوش نظر نہیں آتے۔وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ گوادر بزنس سینٹر کا قیام 6ماہ کے مختصر عرصے میں ہوا ، سی پیک کے تحت چین گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 46ارب ڈالر خرچ کرے گا تاہم اب تک صرف 80کروڑ خرچ کیے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں 3سے 4ارب ڈالر کی خطیر رقم منصوبوں پر خرچ ہو گی، جس میں وفاقی اور بلوچستان حکومت سمیت دونوں ملکوں کے نجی ادارے بھی شامل ہوں گے ۔دریں اثنا بدوملہی میں سوئی گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کے خلاف لاہور میں پاور شو فلاپ ہوگیا ہے ،مخالفین مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں مگر ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ جمہوریت کو ڈی گریڈ کرنے والے ملک و قوم کے خیر و خواہ نہیں ۔طاہر القادری ، شیخ رشید ، عمران خان اور آصف زرداری ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔