آئل ٹینکر نے پی ایس اوکے لیے تیل کی ترسیل کا کام بند کر دیا

433

دیگرتیل کمپنیوں کےپمپس پرتیل سپلائی جاری رہےگی،کراچی سمیت ملک کے بڑے ڈپوز سے تیل سپلائی معطل ہے
این ایل سی ٹینکرز سے کو ئی حادثہ رونما نہیں ہوا، عوامی مفاد میں محفوظ تیل سپلائی میں اضافہ جاری رکھیں گی، ترجمان پی ایس او
کراچی( بزنس رپورٹر) آئل ٹینکر اوونرزاورکنٹریکٹرزایسو سی ایشن نے ہڑتال کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک کے بڑے ڈپوز سے تیل سپلائی معطل کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو آئل ٹینکر اونرز اور کنٹریکٹرزایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بابر اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایس او کیلئے تیل ترسیل کا کام بند کر دیا گیا ہے،ِپی ایس او کی جانب سے این ایل سی کے مسائل حل ہونے تک کام بند رہے گاِ،تاہم دیگرتیل کمپنیوں کےپمپس پرتیل سپلائی جاری رہےگی۔دوسری جانب ٹینکر ایسوسی ایشن کے رہنما شمس شہوانی نے کہا کہ پی ایس او کا تیل ریفائنریز سے بھی نہیں اٹھایا جائےگا جبکہ دیگر تمام تیل کمپنیوں کی تیل سپلائی جاری رہے گی،شمس شہوانی نے مطالبہ کیا کہ ڈپوز پر پہلے آئے پہلے پایئے کی بنیاد پر تیل ملنا چاہیے۔دوسری جانب ترجمان پی ایس او کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ این ایل سی کے تمام ٹینکرز اوگرا اور این ایچ اے قواعد کے مطابق ہیں،این ایل سی ٹینکرز سےکوئی حادثہ بھی رونما نہیں ہوا، عوامی مفاد میں محفوظ تیل سپلائی میں اضافہ جاری رکھیں گی۔