خیبرپختونخوا میں تعمیروترقی،ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری کی باتیں ہورہی ہیں،گورنر

693

پشاور میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا ،اقبال ظفرجھگڑا
قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں
کراچی ( کامر س ڈیسل)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ امن وامان کے حوالے سے پاکستان بہتری کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے،ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، خیبرپختونخوا نے بہت مشکلات اوردہشت گردی اور انتہا پسندوں کا سامنا کیا ہے،لوگ چند سال پہلے تک خوفزدہ تھے مگر اب تعمیروترقی اور نئی ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری کی باتیں ہورہی ہیں،،خیبرپختونخوا اورفاٹامیں امن وامان بحال ہوچکاہے۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار پیرکوخیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداران اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے لیڈران کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،چیئرمین افتخار علی ملک،ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفربلور،ریاض الدین شیخ،،سینیٹرالیاس احمدبلور، زبیرطفیل،عامرعطاباجوہ،حاجی افضل،رشیدپراچہ، خیبرپختونخواچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرزاہداللہ شنواری اوردیگر تاجروں نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں خالدجاوید،فیڈریشن کے ریجنل چیئرمین حاجی عرفان یوسف،عاطف اکرام،شبنم ظفر،کریم عزیزملک،وسیم وہرہ،شکیل احمدڈھینگڑا،سعیدہ بانو،یو بی جی کے کوآرڈینیٹرملک سہیل حسین،وقارمیاں،انجینئرداروخان،ڈاکٹر مرزا اختیاربیگ،عبدالمیع خان،خورشید برلاس،کیپٹن عبدالرشیدابڑو،شہریار علی ملک،مسز فطرت الیاس بلوراور تاجربرادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں اور تعمیرنواوربحالی سمیت ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہورہے ہیں اوران اقدامات سے معاشی سرگرمیوں پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا تاہم فیڈریشن کے صدراس سلسلے میں باضابطہ ہمیں لکھیں۔گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس سے ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابوپایاجاسکے گا ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اوردیرپابنیادوں پر ملک کی خوشحالی اور استحکام ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگرہم بحیثیت قوم دستیاب وسائل کا احسن طریقے سے استعمال ممکن بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو نہ صرف خیبر پختونخوا اور فاٹا بلکہ پورے ملک کی معیشت کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے۔ایس ایم منیر نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کے ساتھ زیادتیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے،موجودہ حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے،ایف بی آرٹیکس دینے والوں کیلئے ہی زہریلا ناگ بن چکا ہے،بزنس کمیونٹی پہلے ہی پریشان ہے مگر ایف بی آر انہیں مزید پریشان کررہا ہے اور انکے دفاتروں سے کمپیوٹر اور دیگر اہم سامان اٹھا کر لے جاتے ہیں ،انکے اس عمل کے خلاف جلد ہی لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں حکومت تاجربرادری کا ساتھ دے،سی پیک کے منصوبوں میں بلوچ اور پختون نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں۔سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں جن لوگوں نے ہمارے خلاف باتیں کیں ہم خاموش رہے لیکن اب اگر کسی نے بھی اب ہمارے لوگوں کے خلاف کچھ کہا تو انکی آنکھیں نکال لیں گے۔الیاس بلور نے افتخار علی ملک کے صاحبزادے شہریار علی ملک کیلئے ایف پی سی سی آئی کا مستقبل میں صدر بننے کی پیشنگوئی بھی کردی۔ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہاکہ معیشت اس وقت مشکلات سے دوچار ہے،کے پی کے کی معاشی زندگی کا انحصار افغانستان پر ہے کیونکہ یہاں سے افغانستان کو 95فیصد اشیاءبرآمد کی جاتی ہیں لیکن اس میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔انہوں نے فاٹا کو خیبر پختونخوامیں شامل کرنے کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ چائنا سے مقابلے کیلئے اسپیشل اکنامک زون بنائے جائیں۔