شریف برادران کا عدالتوں کا تمسخر اڑانا قابل مذمت ہے، میاں مقصود

154

لاہور(وقائع نگارخصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ شریف برادران کی جانب سے نیب کودھمکیاں دینااور عدالتوں کا تمسخر اڑانا انتہائی قابل مذمت ہے۔مسلم لیگ(ن) کو احتساب سے گھبرانے کے بجائے عدالتوں کاسامنا کرنا چاہیے۔ اداروں کااحترام بہرصورت ملحوظ خاطررکھنا ہوگا۔ ایسا محسوس ہوتاہے کہ شریف برادران اپنے اوپر لگنے والے کرپشن کے الزامات سے بچنے کے لیے اہم اور حساس اداروں کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے۔پاناماکیس میں نوازشریف کی نااہلی اس بات کاثبوت ہے کہ حکمران طبقہ بڑے پیمانے پرکرپشن اور ٹیکس چوری میں مصروف ہے ۔کرپشن کے خلاف متحد ہوکرہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ افراد چاہے وہ حکومتی صفوں میں ہوں یااپوزیشن کی صفوں میں سب کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے۔پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر پاکستانیوں کے خلاف بھی سخت ترین تادیبی کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں روزانہ 12ارب روپے اور سالانہ ساڑھے 4ہزارارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے جوکہ بہت بڑاالمیہ ہے۔اتنے بڑے پیمانے پرہونے والی کرپشن کو روکنے کے لیے نیب سمیت دیگر انسداد بدعنوانی کے اداروں کو اپنا کام ایماندار ی سے کرنا ہوگا۔نیب سمیت دیگر اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی اقدامات کیے جائیں۔بددیانت حکمران ملک وقوم پر عذاب بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں کرپشن کاقلع قمع کرنے کے لیے بھرپورانداز میں تحریک چلارہی ہے۔پانامالیکس کیس سب سے پہلے جماعت اسلامی نے ہی عدالت عظمیٰ میں اٹھایا۔ہم کرپشن کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ نیب سیاسی دباؤکوخاطرمیں نہ لاتے ہوئے کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ملک وقوم اس وقت تک ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے جب تک کرپشن کامکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔انہوں نے کہاکہ دنیابھر میں باعزت مقام حاصل کرنے والی قوموں اور ملکوں نے کرپٹ افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے۔ان کوسرعام پھانسیاں تک دی جارہی ہیں۔قومی خزانے کولوٹنے والوں کامحاسبہ ضروری ہوچکا ہے۔