راؤ انوار کو صرف معطل یا تبادلہ کرنا کوئی سزا نہیں،شمس الرحمن سواتی

126

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ ایک خونی قاتل راؤ انوارکے ہاتھوں بے گناہ نقیب اللہ محسود سمیت کراچی کے دیگر نوجوانوں کا جعلی پولیس مقابلوں میں قتل ظلم ہے پورے ملک بالخصوص سندھ اور پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آ ڑ میں جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں اور بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام کے ذریعے پاکستان کی وفاقی حیثیت کوسبوتاژکیا جارہا ہے۔ لسانی اور مذہبی بنیادوں پراس طرح کی تقسیم ملکی سالمیت کیلیے زہرقاتل ہے ،ہمیں حکمرانوں سے انصاف اورقانون کی بالادستی کی کوئی توقع نہیں عوام کواپنے حقوق کی بحالی کیلیے اٹھنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خونی راؤ انوار کے ہاتھوں جعلی پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود کے قتل کے خلاف تاجرپختون اتحاد کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصدرتاجرپختون اتحاد گل احمد خان ،جنرل سیکرٹری اصغرخان مہمند،بسم اللہ خان ،حکیم سعادت خٹک سمیت دیگرسیاسی وسماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر مظاہرین نے قاتل قاتل راؤ انوار قاتل اور پولیس کی غنڈہ گردی نامنظور کے نعرے لگائے ۔ مقررین نے کہاکہ راؤ انوار کو صرف معطل کر نا یا تبادلہ کر نا کوئی سزا نہیں ہے اس کے دامن پر 424 نوجوانوں کے خون کے دھبے ہیں ۔سندھ حکومت کی جانب سے خونی درندے کوتحفظ دینا قابل مذمت اورشرمناک ہے۔