سرکاری اراضی اسکول ،کالج اور اسپتال کیلیے مختص کرنے کا حکم

117

راولپنڈی (اے پی پی ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سرکاری اداروں کو ڈھوک سیداں اراضی کی فروخت کی ممانعت کرتے ہوئے اراضی اسکول،کالج، اسپتال اور پلے گراؤنڈ کے لیے مختص کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ڈھوک سیداں راولپنڈی میں واقع 108کنال اراضی کیس کا محفوظ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے جج مسٹر جسٹس خالد محمود ملک نے منگل کو سنایا۔
ڈھوک سیداں اراضی کیس کا فیصلہ جسٹس فرخ عرفان خان نے پٹیشن کی سماعت کے بعد اکتوبر2017ء میں تحریر کیا تھا جسے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے فاضل جج مسٹر جسٹس خالد محمود ملک نے سنایا۔ درخواست گزار محمد انوار ڈار ایڈووکیٹ نے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ عدالت نے ڈھوک سیداں اراضی کیس کے فیصلے میں ملٹری اسٹیٹ آفس کو اربوں روپے مالیت کی اراضی نیلام یا فروخت کر نے سے روک دیاہے۔ پٹیشن میں وزارت دفاع، متعلقہ اداروں، حکومت پنجاب اور سیکرٹری محکمہ تعلیم پنجاب کو فریق بنا یا گیا تھا۔