چیئرمین اینٹی کرپشن کا کراچی واٹر بورڈ میں کرپشن کی انکوائری کا حکم

428

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) کراچی میں چیئرمین اینٹی کرپشن کا واٹر بورڈ میں اربوں روپے کرپشن کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ سابق ایم ڈی مصباح الدین فرید سمیت 6 اعلیٰ افسروں کیخلاف انکوائری ہوگی۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر شکیل احمد، ڈائریکٹر شکیل قریشی ،ڈپٹی ڈائریکٹرشیزان احمد،اعظم خان اور نثار مگسی کیخلاف انکوائری کی جائے گی۔

سندھ میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے عدالتی کمیشن نے سماعت کی۔ چیف سیکریٹری سندھ، میئر کراچی و حیدر آباد، ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ دوران سماعت چیف سیکریٹری اور افسران نے شفاف پانی کی فراہمی پر کمیشن کو بریفنگ دی۔

واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے تمام رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عملی کام کی ضرورت ہے، منگل تک صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے چھ ماہ تک کا ورک پلان جمع کرائیں۔

جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے چیف سیکرٹری سے کہا کاغذوں کے پلندے جمع کرانے کے بجائے عدالت کے حکم پر عمل کریں۔ ،ناکامی کیزمہ دار کرپٹ افسران خلاف سخت کارروائی اوران کیخلاف مقدمات نیب کو بھجوائے جائیں۔

کمیشن نے سیکریٹری منصوبہ بندی سندھ سمیت چیئرمین کے پی ٹی، تمام کینٹونمنٹس بورڈ کے سی ای اوز کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔ دوسری جانب کراچی واٹر بورڈ میں 3 ارب روپے کی کرپشن کا اسکینڈل سامنے آ نے کے بعد چئیرمین اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید سمیت چھ اعلی افسران کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا حکم دے دیا۔