گوادر فری ٹریڈ زون میں 35 ہزار ملازمتوں کے مواقع

593

گوادر میں مقامی نوجوان روزگار کے قحط سے پریشان لیکن مشکل کے دن اب زیادہ نہیں، سی پیک کے بادلوں سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری برس رہی ہے، حالات اور حکومت دونوں یہ اشارے دے رہے ہیں کہ جلد ملازمتوں کے بھرپور مواقع اور خوشحالی آنے والی ہے۔

نیلے پانیوں میں گھِرا خوبصورت شہر گوادر، جہاں سی پیک منصوبوں کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے لیکن بلوچستان کے اس ساحلی علاقے میں مقامی نوجوان روز گار کیلئے پریشان ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گوادر میں 500 چینی شہریوں سمیت اب تک ڈھائی ہزار افراد کو روزگار مل چکا ہے۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب تک گوادر میں 4 سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آچکی ہے اور آئندہ چند سال میں یہ شہر فی کس آمدنی کے حساب سے دیگر شہروں سے آگے نکل جائے گا۔

گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی مقامی نوجوانوں کی ڈھارس بندھادی، کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹریننگ جلد حاصل کرلیں، ملازمتوں کا سیلاب آنے والا ہے۔

گوادر میں 22 ہزار ایکڑ پر محیط وسیع فری اکنامک زون میں آٹو انڈسٹری، اسٹیل، مچھلی، میرین، اور آئل سٹی سمیت 5 بڑی صنعتیں بھی لگیں گی۔