صلاح الدین ایوبی کی قوم، چومکھی جبر کا شکار 

673

۔21 جنوری کو ترکی کی فوج، اپنے ملک کی سرحد سے ملحق شمالی شام کے شہر عفرین پر بمباری کر کے ٹینکوں کے ساتھ داخل ہوئی ہے۔ وجہ اس کارروائی کی ترکی نے یہ بتائی ہے کہ اس شہر میں کردوں کی ڈیموکریٹک یونین پارٹی پی وائی ڈی کے دہشت گرد جن کو بشار الاسد کی حکومت سے نبرد آزما مخلوط افواج اسلحہ فراہم کر رہی ہیں اور مالی مدد دے رہی ہیں، سرحد پار کر کے ترکی کے علاقے میں کارروائی کر رہے ہیں۔ ترکی کو شبہ ہے کہ عفرین کے ان کردوں کو پس پردہ امریکیوں کی بھی امداد حاصل ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ اس نے یہ کارروائی کرد دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے اور اپنے دفاع کی خاطر کی ہے۔
تاریخ کی یہ ستم ظریفی ہے کہ صلاح الدین یوسف بن ایوب، جنہوں نے آٹھ سو سال قبل صلیبی جنگ میں عیسائیوں کو شکست دے کر یروشلم اور پورے فلسطین کو فتح کیا تھا اور مصر، شام، عراق، حجاز، یمن اور شمالی افریقا کے وسیع علاقے پر محیط اپنی مملکت قائم کی تھی، ان کے تین کروڑ پچھتر لاکھ ہم نسل، کرد آج چار ملکوں، ترکی، عراق، شام اور ایران میں بکھرے ہوئے ہیں۔ یہ قوم ایران سے شام تک پھیلے ہوئے اس علاقے میں آباد ہے جسے کرد کردستان کہتے ہیں۔ اس علاقے میں کرد تین سو سال قبل مسیح سے آباد ہیں۔
ساتویں صدی میں کرد مشرف بہ اسلام ہوئے تھے اور انہی میں سے صلاح الدین ایوبی ابھرے تھے جنہوں نے صلیبی جنگوں میں اپنی فتوحات سے بڑا نام پیدا کیا۔ اسی مسلم فاتح کی یہ قوم آج چومکھی جبر و تشدد کا شکار ہے۔
پہلی عالم گیر جنگ سے پہلے کرد اس علاقے میں سلطنت عثمانیہ کے تحت خانہ بدوشوں کی زندگی گزارتے تھے۔ یہ ستم ظریفی ہے کہ سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کئی نئی آزاد مملکتیں وجود میں آئیں لیکن آزاد خود مختار مملکت کے بارے میں کردوں کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا حالاں کہ انیس سو بیس کے سیورے کے معاہدہ میں جس کے تحت عراق، شام اور کویت کی آزاد مملکتیں وجود میں آئیں کردوں کی ایک آزاد مملکت کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ترکی میں مصطفی کمال اتاترک کے بر سراقتدار آنے کے بعد ترکی اور اس کے ساتھ ایران اور عراق نے کردوں کی آزاد مملکت تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
گو شمالی عراق میں کردوں کی آبادی ساٹھ لاکھ کے لگ بھگ ہے لیکن سب سے زیادہ تعداد ان کی ترکی میں ہے جہاں یہ ایک کروڑ اسی لاکھ کے قریب بتائے جاتے ہیں۔ شام میں ان کی تعداد اٹھائیس لاکھ ہے اور ایران میں اڑتالیس لاکھ کے قریب ہیں۔ ایران میں کردوں کی اکثریت آذربائی جان اور ہمدان کے علاقے میں آباد ہے جسے ایرانی کردستان کہا جاتا ہے، کرد اسے مشرقی کردستان کہتے ہیں۔
ایران میں کردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ سترہویں صدی سے شروع ہوا جب شاہ عباس نے کردوں کو بڑے پیمانے پر زبردستی خراسان میں منتقل کردیا۔ پھر 1946میں قاضی محمد کی قیادت میں بغاوت ہوئی اور کردوں نے مہا آباد جمہوریہ کے نام سے ایک علیحدہ مملکت قائم کی جو زیادہ عرصے نہ چل سکی۔ قاضی محمد کو آخر کار کھلے عام پھانسی دی گئی۔
رضا شاہ پہلوی کے دور میں کردوں کی زبان پر پابندی عائد کی گئی۔ اور 79ء کے اسلامی انقلاب کے بعد آیت اللہ خمینی نے کردوں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا اور بڑے پیمانے پر کرد علاقوں میں فوجی کارروائی کی گئی، آخر کار کردوں کو گھٹنے ٹیک دینے پڑے۔
ادھر شمالی عراق میں کردوں نے سن 1960سے 1975تک مصطفی برزانی کی قیادت میں بغاوت کی جس کے نتیجے میں انہیں خود مختاری حاصل ہوئی لیکن 1991میں کردوں کی بغاوت کے بعد صدام حسین کی حکومت نے اس علاقے پر دوبارہ قبضہ کر لیا اور کردوں پر سخت مظالم توڑے۔
عراق میں گو صدام حسین کے زوال کے بعد کردوں کو نئے آئین کے تحت خود مختاری حاصل ہوگئی تھی اور ان کی علاقائی پارلیمنٹ بھی تسلیم کر لی گئی تھی۔ عراق کی جنگ کے بعد امریکیوں نے ان کے تیل سے مالا مال علاقے کی وجہ سے ان پر دست شفقت رکھا تھا لیکن نہ جانے پھرکیوں ہاتھ کھینچ لیا۔ پچھلے دنوں کردوں نے اپنی آزاد خود مختار مملکت کے قیام کے لیے ریفرنڈم کا بھی انعقاد کیا تھا جسے عراقی حکومت نے مسترد کردیا اور فوج کشی کر کے کردوں کی آزادی کے سارے خواب چکنا چور کر دیے۔
یہی وجہ ہے کہ کردوں کی تاریخ ایران اور عراق میں بغاوتوں سے عبارت ہے۔ ترکی میں کردوں نے 1925میں شیخ سعید کی قیادت میں بغاوت کی تھی جس کے بعد ترکی کی حکومت نے کردوں کے خلاف نہایت سخت گیر پالیسی اختیار کی اور ان کی زبان اور ثقافت ختم کرکے پہاڑی ترک قرار دیا۔ پہاڑی ترک قرار دے کر انہیں ترک معاشرہ میں ضم کرنے کی مہم شروع کردی۔
1978 میں ترکی کے کردوں نے جب آزادی اور خود مختاری کی تحریک شروع کی تو بڑے پیمانے پر ترکی کی حکومت اور کردوں کے درمیان معرکہ آرائی بھڑک اٹھی۔ اس تحریک میں علیحدگی پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی پی کے کے پیش پیش تھی۔ یہ تحریک ترکی کی معیشت کے لیے بے حد تباہ کن ثابت ہوئی۔ اس دوران ترکی کی معیشت کو 450ارب ڈالر کا خسارہ ہوا۔ آخر کار اس تحریک کے قائد عبداللہ اوجلان نے 2015 میں تحریک ختم کرنے کا اعلان کیا اور یہ معرکہ آرائی ختم ہوئی۔
کر دستان کے علاقے کے باہر پوری دنیا میں ایک کروڑ سے زیادہ کرد پھیلے ہوئے ہیں ان میں زیادہ تر وہ ہیں جنہوں نے ترکی، عراق اور ایران میں ظلم و ستم سے فرار ہو کر پناہ لی ہے۔ ان کردوں کا کہنا ہے کہ یہ کس قدر حیرت اور تاسف کی بات ہے کہ ان کے کرد قائد صلاح الدیں ایوبی نے تو ایران سے لے کر شمالی افریقا تک ایک بڑی تعداد میں ملکوں کو آزادی کی نعمت سے سرشار کیا، لیکن ان کی قوم ابھی تک اپنی آزادی کے لیے تڑپ رہی ہے۔