حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے بے چین ہیں

198

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کشمیر کے مظلوم عوام مشکل اور کٹھن حالات میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگارہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کو بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے بے چین ہورہے ہیں۔ بھارت کی درندہ صفت فوج کے سامنے کشمیر پریمیئرلیگ میں جیوے جیوے پاکستان کے نعرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے دوستی اور تجارت اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔ بھارت سے دوستی کے خواب دیکھنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کیخلاف کام کیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں سب سے بڑا ہاتھ بھارت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ حریت دبا نہیں سکا۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرے۔ ہمیں امریکا کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا بھی نوٹس لے۔ امریکا کو پاکستان میں تو دہشت گردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور عالمی برادری کے دہرے معیارات کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کی انتہا کرچکا ہے تو دوسری جانب اقوام متحدہ عالمی برادری اور خود امریکا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔