پنجاب حکومت کلبھوشن کے ادھورے ایجنڈ ے کی تکمیل سے باز رہے

260

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کلبھوشن کے ادھورے ایجنڈ ے کی تکمیل پر مامور شرپسند عناصرکی سرپرستی سے باز رہے، پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان وعہدیداران اور عام طلبہ پر نام نہاد قوم پرستوں اور پنجاب پولیس کی جانب سے حملہ اور تشدد دراصل ملکی سالمیت وحب الوطنی پر حملہ ہے، شرپسند عناصر کی جانب سے جمعیت فیسٹیول کے انتظامات کو مسمار کرکے علمی درسگاہ میں آگ لگانا شرمناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ میں طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ قبل ازیں امیر ضلع نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کا دورہ کیا اور جنرل سیکرٹری راجا عامر محمود ودیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی و دیگر ذمے داران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ان شرپسندوں کیخلاف کارروائی کو حکومتی ایوانوں کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی اطلاعات قابل افسوس ہیں، لیگی حکومت اپنے اتحادیوں اور ہندوستان کی خوشنودی کے لیے صوبے سمیت ملک بھر میں لسانیت کی آگ پھیلانے سے گریز کرے۔ اس سے قبل اداروں سے محاذ آرائی کے ذریعے ملک کو کمزور کیا جارہا ہے، ایسے اقدامات ملکی سا لمیت اور وفاق کے لیے نقصان دہ ہیں۔ جمعیت نے ہمیشہ پرامن انداز میں مثبت سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا اور پاکستان کو ایک میچور لیڈر شپ فراہم کی۔ پاکستان کو متحد رکھنے اور اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کے عملی اقدامات اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پنجاب حکومت جمعیت کے کارکنان وذمے داران اور عام طلبہ کو فی الفور رہا کرے اور شرپسند عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی کرے۔