محکمہ تعلیم لیاری اسکول کمیٹیوں کے فنڈز ہڑپ کر نے پر تل گیا

172

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کا محکمہ تعلیم اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے فنڈز ہڑپ کرنے پر تل گیا۔محکمہ تعلیم زون لیاری کے اسکول سربراہان سے ساڑھے 3 ہزارسے5ہزار طلب کرلیے۔ انکاری پرنسپلز کو تبادلوں اور شوکاز کی دھمکیاں۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم زون لیاری میں کم و بیش52سے زائد اسکول قائم ہیں ۔گزشتہ روز اسکول سربراہان کو بذریعہ ایس ایم ایس اور فون کا ل یہ احکامات دیے گئے کہ زون لیاری کے تحت اسکولوں میں اور دیگر جگہ ہونے والی تقریبات میں ڈیکوریشن کی مد میں اخراجات بہت زیادہ ہو گئے ہیں جس کے باعث زون لیاری نے اپنی کرسیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے یہ طے کیا گیا ہے کہ اسکولوں سے رقم لی جائے جس کی بناء پر پرائمری اسکول سے ساڑھے 3 ہزار،لوئر سکینڈری سے4500اور سکینڈری سے5ہزار روپے وصول کیے جائیں گے اوراسکول یہ رقم ایس ایم سی فنڈ میں سے جاری کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم زون لیاری کے اسکول سربراہان کا ہر ماہ کی12تاریخ کو اجلاس بلایا جاتا ہے اور اس کی سربراہی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی ملک ریاض کے کورآڈی نیٹرحبیب حسن کرتے ہیں۔ایس ہی ایک اجلاس میں کیے گئے فیصلیکی بعض پرنسپلز نے مخالفت بھی کی تھی تاہم ان کو بھی یہ کہہ کرخاموش کرادیاگیا کہ آپ کوطے شدہ رقم دینی پڑے گی۔بعدازاں اس حوالے سے اے ڈی او آفس زون لیاری میں کنٹریکٹ ٹیچر زاہد اور فریدہ قادر بخش کی ذمے داری لگائی گئی کہ وہ تمام اسکولوں میں بذات خود جائیں اور اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اس ضمن میں انہیں مختلف حربوں سے تنگ کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔واضح رہے کہ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے فنڈ کو اسکول کے رنگ و روغن،فرنیچر کی مرمت،اساتذہ کی تنخواہیں،جمعداراور پینے کے پانی کی مد میں خرچ کیا جاسکتا ہے۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے تعلیمی کمیٹی کے چیئرمین عرفان حیدر کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں ہے میں تفصیلات معلوم کر کے آپ کو جواب دے پاؤ ں گا۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے کوآرڈی نیٹر حبیب حسن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فون کال موصول نہیں کی۔