سراج الحق کرپشن کیخلاف قوم کی آوازبن چکے ،شمس الرحمن سواتی

188

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ الیکشن 2018ء میں عوام کودرست فیصلہ کرکے دیانتدار، اہل اور محب وطن قیادت کاانتخاب کرنا ہوگا تاکہ ملک کوبحران سے نکال کرمسائل کا خاتمہ کیا جاسکے،سینیٹرسراج الحق کرپشن کے خلاف قوم کی آوازبن چکے ہیں ،ان کی تمام مکاتب فکر مذہبی اورمحب وطن قوتوں کوایک پلیٹ فارم پرجمع کرنے کی جدوجہد رنگ لارہی ہے اورمستقبل میں کرپشن سے پاک اسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام کی راہ ہموارہورہی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی مجلس شوریٰ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیا ایڈووکیٹ،نائب امراء ضلع راجا محمد جواد،محمد وقاص خان ،امتیازعلی اسلم،چودھری عطا ربانی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی سمیت ضلع بھرسے منتخب اراکین شوریٰ بھی موجودتھے۔اجلاس میں ضلعی منصوبہ عمل 2018ء کی منظوری کے علاوہ تنظیمی،تربیتی اورسیاسی امورکا جائزہ لے کرآئندہ کیلیے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد نظریاتی تنظیم ہے جو پاکستان کے اسلامی نظرئیے کی بقا کیلیے عملی جدوجہد کررہی ہے ،رواں برس الیکشن کے باعث انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہم نے ضلع کی تمام نشستو ں کیلیے امیدواروں کاتعین کرکے عوامی رابطہ مہم کا آغازکردیا ہے ، عوام کو چاہیے کہ ظلم کے نظام کو تحفظ دینے والے کرپٹ اوربددیانت عناصرکوپہچانے اورانہیں اپنی ووٹ کی پرچی کے ذریعے اختیارات سے محروم کرے۔ لٹیرے سرمایہ داراورظالم جاگیردارہرالیکشن میں جھنڈے اور پارٹیاں بدل کرعوام کوان کے حقوق سے محروم کرنے کیلیے معصوم بن جاتے ہیں، مہنگائی ،بے روزگاری ، لاقانونیت اور تعلیم وصحت سے محرومی کے سوا نام نہاد بڑی پارٹیوں نے عوام کوکچھ نہیں دیا ۔ قوم کو70برس سے جاری اس ڈرامے کا ڈراپ سین کرنا ہوگاتاکہ پاکستان ایک پرامن اسلامی وفلاحی ریاست بن سکے جس میں عوام کے حقوق کااستحصال نہ ہو۔