شرپسند لسانی گروہ تعلیمی اداروں کے لیے نقصان دہ ہیں

215

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ زبیر عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے مثبت اور پرامن پروگرام پر لسانی شرپسندوں کا حملہ اور ان کی منفی سرگرمیاں قابل مذمت ہے۔ حکومتی اور انتظامی سرپرستی میں پروان چڑھنے والے گروہ تعلیمی اداروں کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور انتظامی سرپرستی میں پروان چڑھنے والے ایسے گروہ تعلیمی اداروں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی تعلیم و تربیت کا شاندار ادارہ ہے جس نے اس ملک کو ہر شعبہ زندگی میں لیڈر شپ مہیا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ پنجاب میں فسادات حکومتی سازش ہے جس کا مقصداہم ملکی ایشوز سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس یونیورسٹی کا امن تباہ کرنے والے لسانی غنڈوں اور مجرموں کو پکڑنے کے بجائے الٹا جمعیت کے نوجوانوں کو پکڑ رہی ہے اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں جو غیر منصفانہ رویہ ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے امن کو تباہ کرنے کی مثال اور کیا ہوسکتی ہے کہ حکومتی من مانیوں اور مفاد پرستی کی تکمیل نہ کرنے کی پاداش میں ایک انتہائی قابل وائس چانسلر استعفا دے کر جاچکے ہیں۔ پنجاب پولیس کو اس معاملے میں جانبدارانہ کردار ادا کرنے کے بجائے غنڈوں کی سرکوبی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں کو پکڑا جائے اور پُرامن اور بے قصور طلبہ کو فی الفور رہا کیا جائے۔