زینب قتل کیس کے مجرم کو عبرت ناک سزا دی جائے، سردار ظفر خان

180

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ، رانا وسیم احمد، محبوب الزماں بٹ، غلام عباس خان اور انجینئر عظیم رندھاوا نے زینب قتل کیس کے مجرم کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس سفاک قاتل اور درندے کو ایسی عبرت ناک سزا دی جائے جو مثال بن جائے اور آئندہ کسی کو ایسے قبیح فعل کی جرأت نہ ہو۔ مجرم کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ پولیس اور تمام تر سیکورٹی ایجنسیاں 14 دن تک اسی محلے کے ایک مجرم کو گرفتار نہیں کرسکیں اور مجرم پولیس کی تمام کارروائیوں کے باوجود گرفتاری سے بچا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس بچی کے اغوا کے وقت جاگ جاتی تو معصوم زینب کی جان بچائی جاسکتی تھی۔ آٹھ بچیوں کے ساتھ درندگی کے ثبوت ملنے کے بعد حکومت اور پولیس کا فرض ہے کہ قوم کے پُر زور مطالبے پر اس درندے کو سرعام پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے اور باقی تین بچیوں کے قاتلوں کو بھی تلاش کیا جائے۔ زینب قتل کیس سے یہ بات بھی عیاں ہوگئی ہے کہ جب تک عوام انصاف کے حصول کے لیے سینوں پر گولی کھانے اور مرنے مارنے پر نہیں تل جاتے، حکومت خواب غفلت سے نہیں جاگتی۔ اگر زینب قتل کیس میں عوام لاکھوں کی تعداد میں باہر نکل کر احتجاج نہ کرتے تو شاید دوسری بچیوں کی طرح زینب کے قتل پر بھی مٹی ڈال دی جاتی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پولیس کی گولیوں سے شہید ہونے والوں کے مجرموں کو بھی گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو پولیس کی وردی پہن کر عوام پر گولیاں چلانے اور سینے چھلنی کرنے کی جرأت نہ ہو۔