ریفری نے اذان کے احترام میں میچ روک کر مسلمانوں کو اپنا گرویدہ بنالیا

799

ریاض:برطانیہ کےعالمی شہرت یافتہ فٹ بال کے ریفری نے اذان کے احترام میں میچ روک کر مسلمانوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی کنگ فٹ بال کپ کے دوران ایک غیر مسلم ریفری مارک کلیٹن برگ اس وقت توجہ کامرکز بنے جب انہوں نے اذان کی آواز سنتے ہوئے میچ کے دوران وقفہ کردیا۔

کنگ سلمان بن عبدالعزیز سٹی اسٹیڈیم میں الفتح اور الفیح کے مابین میچ مقررہ وقت پر ایک ایک گول سے برابر تھا اور میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 5 منٹ اضافی دیے گئے۔اضافی منٹس کا کھیل جاری تھا کہ مقامی مسجد سے اذان کی آواز بلند ہوئی جو کانوں پر پڑتے ہی ریفری نے وسل بجا کر میچ روک دیا۔

وقفہ ملنے پر کچھ پلیئرز آرام کی غرض سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جب کہ بعض موقع غنیمت جانتے ہوئے میدان میں بیٹھ کرخود کو تازہ دم کرنے لگے۔

اذان ختم ہونے پر میچ دوبارہ شروع کیا گیا جو اضافی وقت کے اختتام پر بھی ایک ایک گول سے برابر رہا، میچ تو کوئی ٹیم نہیں جیتی تاہم  ریفری نے سب کے دل جیت لیے، اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے مذہبی احترام کے اس غیر معمولی اقدام پر ریفری کو خراج تحسین پیش کیا۔

غیرمسلم ریفری کی جانب سے اذان کا احترام کرنے پر نہ صرف سعودی حکام و عوام  نے ہی ان کی تعریف نہیں کی بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان کے لیے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔