5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی،سید عارف شیرازی

201

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ 5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی ۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور متحدہ مجلس عمل کے دوسرے قائدین بھی خطاب کریں گے۔ راولپنڈی سے بھی ایک بڑی ریلی اسلام آباد کی یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کے لیے جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ 5 فروری کی ریلی کے انتظامات اور تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان اور نائب اُمرا شیخ مسعود احمد ٗ قاضی محمد جمیل اور سید عزیر حامد پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی ہے ۔یہ کمیٹی تمام انتظامات اور تیاریوں کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہےِ جس پر بھار ت نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ کشمیری اپنی سرزمین کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے واگزار کرانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے بھی کشمیر کو ایک متنازع علاقہ تسلیم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں متعدد قراددادیں بھی پاس کر رکھی ہیں ، مگر افسوس کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ابھی تک ان قراردادوں پر عملدرآمد کی نوبت نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے ۔ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے مظلوم کشمیری مسلمان بھائیوں کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔