پولیس حامد سعید کے ساتھ ظلم کرنے والے بااثرملزمان سے سازبازنہ کرے

191

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ راولپنڈی پولیس نے حامد سعید کے ساتھ ظلم کرنے والے بااثرملزمان سے سازبازکرکے انہیں رعایت دی توعوام اسے برداشت نہیں کریں گے، جماعت اسلامی مظلوم خاندان کے ساتھ ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بینک کالونی دھمیال گاؤں میں زیادتی کا شکارہونے والے بچے کے والد مولانا سعید الرحمن انقلابی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس واقعے پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملزمان کی جانب سے متاثرہ خاندان کودھمکیوں اورلالچ کی اطلاعات شرمناک ہیں، علاقے کے عوا م اس واقعے پر شدید مشتعل ہیں ۔اگرپولیس نے روایتی ہتھکنڈوں کے ذریعے کیس کوکمزورکرنے کی کوشش کی توامن وامان اور حالات کی خرابی کی تمام ترذمے داری راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ پر ہوگی ۔اس موقع پر امیرضلع نے جماعت اسلامی او رجے آئی یوتھ کے مقامی ذمے داران کوہدایت کی کہ متاثرہ خاندان سے مکمل تعاون کریں اورکیس میں ہرممکن سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ زینب قتل کیس کے ملزم کوپکڑنے کے بعد صوبے کا وزیراعلیٰ پریس کانفرنس کرکے کریڈٹ لیتا ہے لیکن پنجاب کے دیگرہزاروں کیسزکوحل نہ کرنے کا ڈس کریڈٹ کس کے کھاتے میں ڈالاجائے گا ۔