ابتدائی مراحل میں بر وقت اسکریننگ سے چھاتی کے کینسر کا مکمل علاج ممکن ہے، ڈاکٹر سکندر میندھرو

400

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ چھاتی کے کینسر کے مؤثر علاج کے لیے سندھ کے 5 اضلاع ٹھٹھہ، بدین، مٹھی، کوٹری اور سیہون میں بریسٹ کینسر اسکریننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں، بریسٹ کینسر اسکریننگ مشینوں کے ذریعے چھاتی کے کینسر کی بروقت اور ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے مرض کا علاج ممکن ہے اور مریض مکمل صحت یاب ہو جاتا ہے، مرض کی تشخیص میں تاخیر سے آپریشن کے مرحلے سے بھی گزرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے خواتین کی بہتر صحت اور بیماریوں سے تحفظ کے اقدام کے طور پر بریسٹ کینسر اسکریننگ مشینیں منگوائی ہیں، مشینیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور بہت جلد یہ مشینیں مذکورہ پانچوں اضلاع میں نصب کر دی جائیں گی، اس مقصد کے لیے عملے اور ڈاکٹروں کی تربیت کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو طبی سہولتوں کی فرا ہمی کے لیے نہایت موثر اقداما ت کر رہی ہے جن میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں کی ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں تقرریوں، جدید طبی آلات کی فراہمی اور دواؤں کی مفت دستیابی کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں کی وہ رو زانہ بنیادوں پر کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بریسٹ کینسر اسکریننگ مشینوں کی تنصیب سے اس مرض کا بروقت اور شافی علاج ممکن ہوسکے گا۔