جذام قابل علاج مرض ہے, بروقت علاج سے معذوری سے بچا جاسکتا ہے،سیکریٹری صحت

428

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جذام ایک قابلِ علاج مرض ہے، بروقت علاج سے معذوری سے بچا جا سکتا ہے اور مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر صحت مند زندگی گزار سکتا ہے، اس کے لیے اس مرض میں مبتلا ہونے پر شرمندہ یا خوف زدہ ہونے کے بجائے اس کا بروقت علاج کروانا چاہیے تاکہ نہ صرف معذوری بلکہ معاشی اور معاشرتی مسائل سے بھی بچا جاسکے، ملک میں فرسودہ خیالات اور بے بنیاد عقیدے کے باعث مریض اس مرض میں مبتلا ہونے پر اپنے مرض کو چھپاتے ہیں اور بروقت علاج نہیں کروا پاتے اور مرض کے پیچیدہ ہونے پر معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جذام کے خاتمے کے لیے ڈاکٹر روتھ فاﺅ اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری ہیلتھ سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو اور مسٹر مارون لوبو نے آرٹس کونسل کراچی میں میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر کی جانب سے جذام کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سالانہ آگہی تقریب سے خطاب میںکیا۔ اس موقع پر ایم اے ایل سی کے ڈاکٹر مطاہر ضیائ، ڈاکٹر مظہر علی اور مسٹر مارون لوبو سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام کام یابیاں ڈاکٹر روتھ فاﺅ کی مرہون منت ہیں جنہوں نے اپنا ملک اور تمام تر آسائشیں چھوڑ کر اپنی تمام زندگی ہمارے ملک پاکستان اور اس میں بسنے والے غریبوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی اورآنے والی نسلوں کو جذام جیسے موذی مرض سے محفوظ کر دیا ہے۔ ڈاکٹر روتھ فاﺅ کی اعلیٰ خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ڈاکٹر روتھ فاﺅ کے جذام کے خلاف کام کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کا ارادہ کرتے ہیں۔