نوجوان مسلم اُمہ کا عظیم سرمایہ ہیں، انہیں مثبت سرگرمیوں کی ضرورت ہے

186

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ نوجوان مسلم اُمہ کا عظیم سرمایہ ہیں ۔ان کو مثبت سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں بڑے پیمانے پر نوجوان جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی راولپنڈی پی پی 13 کی طرف سے یو نین کونسل 32 ٗ42 اور چکلالہ کینٹ کی وارڈ نمبر 1 سے جے آئی یوتھ کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امرا سید عزیر حامد ٗ قاضی محمد جمیل ٗ امیر پی پی 13 حاجی یار محمد ٗجے آئی یوتھ سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے قائم مقام صدر عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔استقبالیہ میں شرکا کی مشاورت سے شیخ ندیم کو جے آئی یوتھ پی پی 13 کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں جماعت اسلامی پی پی 13 کے نئے ارکان محمد خالد بھٹی ٗرضوان حنیف ٗبشیر عباسی اور ڈاکٹر غلام مصطفی نے جماعت اسلامی پاکستان کی رکنیت کا حلف بھی اُٹھایا۔ سید عارف شیرازی نے جے آئی یوتھ کے پانچویں مرحلے کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی اور کہا ہے کہ یہ اعزاز صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہوا ہے کہ بڑے پیمانے پر یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے ہیں ۔ الحمد للہ ! ہمارے نوجوان بڑے با صلاحیت ہیں۔مستقبل میں ملک کی باگ ڈور یہی نوجوان سنبھالیں گے۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر نوجوان قیادت کو سامنے لا رہی ہے ۔ یہی نوجوان آنے والے دنوں میں یونین کونسل سے لے کر صوبائی اور قومی اسمبلی تک عوام کی نمائندگی کریں گے ۔