کوئٹہ میں بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں بھائی گرفتار

152

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کلی اسماعیل کے علاقے میں کم سن طیبہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں اس کے اپنے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا جس نے اقبال جرم کرلیا۔ کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں اتوار کو 13 سالہ طیبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے رحمی کے ساتھ قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہناہے کہ معصوم طیبہ کو اس کے اپنے ہی بھائی نے زیادتی کرکے قتل کیا جس نے اپنے اس گھناؤنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کامران کے موبائل ریکارڈ سے حاصل کی جانے والی گفتگو کے بعد اسے گرفتار کیا گیا، جب کہ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی بنائی جائے گی۔گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں 13 سالہ بچی نیم بے ہوشی کی حالت میں کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی، امدادی ادارے نے بچی کو فوراً سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا تھا تاہم بچی اسپتال پہنچتے ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔ ڈاکٹرنے معصوم طیبہ کے ساتھ زیادتی اور تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی رپورٹ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔