کشنیرپر بھارتی تسلط کے خاتمے کیلیے فیصلہ کن جدوجہدکی جائے، میاں مقصود

147

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے۔ پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کرنا لمحہ فکر اورقابل مذمت ہے۔ ہندوستان اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ بھارت گزشتہ 70 برسوں میں ایک لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہید کرچکا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں شہادتوں اور ظلم وستم کی داستانیں رقم کرنے کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکا بلکہ مظفروانی کی شہادت کے بعد سے آزادی کی تحریک میں شدت آگئی ہے۔ مظفر وانی کو شہید کرنے کے بعد بھارت نے پیلٹ گنوں اور کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے سیکڑوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو بینائی سے محروم کردیا ہے۔ افسوس ناک بات تو یہ ہے کہ اقوام متحدہ، انسانیت کے علمبردار ممالک اور نام نہاد این جی اوز کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر حسب روایت پنجاب سمیت ملک میں بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔ ہم نے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت 70 برس سے دبا رکھا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے عین مطابق نہیں نکالا جاتا۔