پانی ذخیرہ کرنے کے لیے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، کسان بورڈ

146

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) کسان بورڈکے ڈویژنل صدرعلی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔ فوری اقدامات نہیں کیے گئے تو کسان بھوکے مرجائیں گے کیونکہ نہروں میں پانی کی کمی اور ٹیل تک پانی نہ پہنچنے سے ہزاروں ایکڑ رقبہ سیراب نہیں ہورہا۔ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث دنیا کا بہترین نہری نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ جو بھی حکومت آئی اس نے کسانوں کا معاشی قتل عام کیا، پانی نہ صرف فصلوں کے لیے ناگزیر ہے بلکہ انسانی زندگی کے لیے بھی ضروری ہے۔ نسلوں کے مستقبل کو چند ملک دشمن اور گمراہ عناصر کی ہٹ دھرمی کا یرغمالی نہیں بنانے دیا جا سکتا۔ کالا باغ ڈیم سے جہاں فصلوں‘ انسانوں اور جانوروں کے لیے وافر پانی دستیاب ہوگا‘ وہیں سیلاب کا پانی اس میں سما سکے گا، جس سے ہرسال ہونے والی تباہی سے بچا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی پیداوار سے ملک روشن اور صنعت کاری کو بھی فروغ ملے گا۔