قومی ادارہ برائے امراض قلب: پہلی انٹروینشنل کارڈیالوجی فیلو شپ پروگرام کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد

823
NICVD
NICVD

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت انٹروینشنل کارڈیالوج فیلو شپ پروگرام کی تکمیل پر تقسیم اسناد کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 13 ڈاکٹروں کواسناد تفویض کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کام یاب امیدواروں اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت غریب مریضوں کے مفت علاج کے ساتھ بہترین تعلیم و تربیت کی فراہمی قابل تحسین ہے، ادارے نے سندھ کے 4 اضلاع میں سیٹیلائٹ سینٹر قائم کیے ہیں جب کہ پورے کراچی میں چیسٹ پین یونٹس کا جال بچھا دیا ہے جہاں غریب مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ انٹروینشنل کارڈیالوجی فیلو شپ پروگرام ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس کا دورانیہ دو سال ہوتا ہے اس میں اسپیشلائزڈ پریکٹیشنرز اور کلینیکل ریسرچرز مستقبل کے لیے فیلوز تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹروینشنل کارڈیالوجی، الیکٹرو فزیالوجی اور کارڈیو تھراسک اینستھسیالوجی کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے حوالے سے قومی ادارہ برائے امراض قلب کا شمار صف اول کے اداروں میں ہوتا ہے اور گزشتہ دو سالوں کے دوران ادارے سے ایف سی پی ایس کے 44 جب کہ کارڈیالوجی ڈپلوما کے 43 ٹرینی فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کے ساتھ ملک کا نام بھی روشن کریں گے۔ انٹروینشنل کارڈیالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی تاریخ ہے کہ اس نے ملک کو ہمیشہ بہترین ڈاکٹرز فراہم کیے ہیں جن کی ترجیح مریضوں کی خدمت رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم وتربیت کے لیے ادارے میں دنیا کے بہترین طریقے رائج کیے گئے ہیں اور ہمارے تربیت یافتہ ڈاکٹرز نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں امراض قلب کے حوالے سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔