انویسٹمنٹ روڈ شو کے لیے صوبہ میں سیکورٹی صورتحال قابو میں ہے، ناہید میمن

809

 

رجسٹریشن کمپنیز میں امریکہ کینیڈا یو کے اور متحدہ عرب امارات  کی سرمایہ کار بھی شامل ہیں

کراچی: پاکستان میں کامیاب نمائشیںاور کانفرنسز منعقد کروانے والے ادارے سلوشنز ان کارپوریشن اور سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ حکومت سندھ کے تحت آج انویسٹمنٹ روڈ شو کی ابتدائیہ تقریب رونمائی کا انعقا د مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔انویسٹمنٹ روڈ شو کی باقاعدہ رونمائی 27فروری 2018ءکو منعقد کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلوشنز ان کارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کامران سعید نے کہا اپنی طرز کے اس منفر د روڈ شو کا مقصد ملک میں بلعموم اور صوبہ سندھ میں بلخصوص سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا ہیں۔ پروگرام میں سرمایہ کاروں کو نئے مواقعوں سے روشناس کروایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا یہ پروگرام سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کے لئے منفرد مماثلت بنانے کی سرگرمی ہے جہاں خواہش مند مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اپنے منصوبے او ر اداروں سے متعارف کروائیں گے۔انہوں نے کہا متفرق سیکٹرز کی کمپنیاں، جیسے کہ نیا منصوبہ،سافٹ ویئر ہاوسز،ای کامرس،لاجسٹکس،ایسٹ مینجمنٹ، رئیل اسٹیٹ،فوڈ ،اسپیشل اکنامک زونز، ہیلتھ کیئر،اسٹاکس،سیکورٹی، آئی ٹی اور فرنچائزرز ہمارے روڈ شو میں شریک ہیں۔ کامران سعید نے شرکاءکو بتایا کہ 150سے اوپر سرمایہ کاروں نے رجسٹریشن کروانے والی ہے جن میں کپیٹل سرمایہ کار ، کارپوریٹ سرمایہ کار ، زائد آمدن کے حامل سرمایہ کار ، ریٹیل سرمایہ کار، نامور فرنچائزز اور امریکہ کینیڈا یو کے اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے چوٹی کے سرمایہ کار بھی شامل ہیں جو بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ روڈ شو میں حصہ لیں گے۔تقریب کی مہمان ِ خصوصی سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ کی چیئر پرسن ناہید میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روڈ شو کے منتظمین کی بھرپور پذیرائی کی اور کہا کہ ایسے پروگرام ملک میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں کے لئے ماحول سازگار بناتے ہیں۔ ناہید میمن نے مزید کہا کہ صوبہ میں سیکورٹی صورتحال قابو میں ہے اور بہتری کی جانب گامزن ہے جن کی بدولت ملک کے کلیدی معاشی اعدادوشمار میں بھی بہتری عیاں ہے۔ کچھ عرصے سے ملک میںسرمایہ کاری کرنے کے لئے کئی بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان بزنس انویسٹمنٹ اور فرنچائز فورم کو ملک کے کئی نامور اداروں کی حمایت حاصل ہے جیسے سمیڈا ، پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسو سی ایشن، آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز نیٹ ورک ، ٹیک پاکستان،مومینٹم، جمپ اسٹارٹ، آئی بی اے-سی ای آئی ایف، ڈیجی ٹرینڈ ز اور ڈیجیٹل کیئر شامل ہیں ۔