***۔۔۔۔۔۔ رحیم یار خان ۔۔۔۔۔۔***

266

لاہور(سی پی پی )پاکستان تحریک انصاف وومین ونگ پنجاب کی صدر سیدہ سلونی بخاری جمعہ کی صبح اچانک انتقال کرگئی ۔ ان کے انتقال پر پی ٹی آئی کارکنوں میں سوگ کی کیفیت پھیل گئی ہے اور کارکنان سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے سلونی بخاری کے انتقال پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا افسوس، افسوس ، افسوس، پی ٹی آئی کی بنیاد رکھنے والی ، پاکستان سے محبت کرنے والی اور بہت ہی حیران کن انسان سلونی بخاری آج ہمیں چھوڑ گئیں، لیکن ان کی مسکراہٹ، حوصلہ اور قربانیاں ہمیشہ دوسروں کیلیے مشعل راہ رہیں گی۔ان کے علاوہ شاہ محمود قریشی ، چوہدری محمد سرور ،اسد عمر ،عثمان ڈار، عندلیب عباس ،سعدیہ بخاری ، ملائکہ بخاری ، سیف اللہ خان نیازی ،منزہ حسن نے بھی سلونی بخاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے** پشاور(سی پی پی )پشاور، چترال، دیر اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق پشاور، چترال، دیر اور گردو نواح میں 4.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، زلزلے کی زمین میں گہرائی 186 کلو میٹر جب کہ اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا۔زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع تو موصول نہیں ہوئی تاہم زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے اپنے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا**وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران 9مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ، قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ انسداد منشیات فورس کی اٹک میں کارروائی کے دوران بھاری منشیات قبضے میں لے لی گئی،ایک منشیات سمگلر گرفتار۔جمعہ کی علی الصبح رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تھانہ نیلور کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران 16 گھروں اور52 افراد کی چیکنگ کی گئی اور دوران آپریشن دو ایس ایم جی گنز اور804 گولیاں برآمد کرلی گئی ۔آپریشن میں چھ30 بور پستول، 2 رائفلز، ایک 7 ایم ایم تین پیمپ ایکشن، اور ایک 8 ایم ایم گن برآمد کرلی گئی اور 9 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔اسلحہ اور گرفتار افراد کو تھانہ نیلور منتقل کردیا گیا ہے** ہری پور کے علاقہ پنیاں میں ٹیوب ویل چار دن سے خراب ہیں، علاقہ میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، 20 ہزار نفوس پر مشتمل موضع پنیاں میں قبرستان کے قریب موجود ٹیوب ویل چار روز سے خراب ہے۔ پنیاں کے مکینوں نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ دوسرا ٹیوب ویل صرف چوتھائی آبادی کو پانی سپلائی کر رہا ہے جبکہ تین حصہ آبادی چوتھے دن سے بحران کا شکار ہے، مساجد میں بھی پانی ختم ہو چکاہے، مقامی لوگوں نے ارباب و اختیار سے فوری مرمتی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، پانی نہ ہونے سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے مگر حکام بالا کو عوامی مشکلات کی کوئی پروا نہیں ہے، مساجد میں نمازیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے** گوہر آباد کے قریب تیز رفتار موٹر کار کی ٹکر سے خاتون جاں بحق،اس کا 4 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔ آر ایچ سی حویلیاں میں طبی امداد اور پوسٹ مارٹم میں تاخیر پر خاتون اور بچے کے لواحقین نے ڈاکٹروں کے خلاف احتجاج کیا، حدود کھوکھر میرا کے قریب موٹر کار نمبر ایم ایم ایس3908 کی حویلیاں گاؤں کی رہائشی رابعہ بی بی زوجہ تنویر اور اس کا چار سالہ بچہ شدید زخمی ہوئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت حویلیاں ہسپتال زخمیوں کو آر ایچ سی حویلیاں منتقل کیا جہاں دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا گیا۔ شدید زخمی خاتون راستہ میں دم توڑ گئی۔ خاتون کے لواحقین کے مطابق جاں بحق خاتون کی نعش پوسٹ مارٹم کیلیے دوبارہ آر ایچ سی حویلیاں منتقل کی گئی۔ پوسٹ مارٹم کیلیے لیڈی ڈاکٹر اڑھائی گھنٹہ پر آئی جس پر خاتون کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا** شنکیاری سے مانسہرہ آنے والی تیز رفتار موٹر کار کھڑے ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق شنکیاری سے مانسہرہ آنے والی جی ایل آئی کار نمبر 1077 اسلام آباد گاندھیاں موڑ کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے منظور حسین جاں بحق جبکہ طارق حسین اور نذیر احمد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کنگ عبداﷲ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دیا گیا ہے** تحریک انصاف کے رہنما امیدوار صوبائی اسمبلی پی کے 46 سجاد اکبر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن آنے والے الیکشن کیلیے مکمل تیاری کریں، موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرتی ہوئی نہیں دکھائی دیتیں۔ بدھ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 46 کے غیور عوام سچے جذبہ سے وقت کے فرعونوں سے ووٹ کی طاقت سے بھرپور انتقام لیں گے، حلقہ کو مسلسل پسماندگی اور بیروزگاری کی دلدل میں دھکیلنے والوں کا یوم حساب قریب آ چکا ہے۔ سجاد اکبر خان نے کہا کہ عوام اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ، عوام کو بے وقوف بنانے کا دور اب گذر چکا ہے۔