گوادر فری زون ایکسپو کا کامیاب اختتام ہزاروں افراد کی شرکت

390

گوادر (رپورٹ/منیر عقیل انصار) گوادر فری زون میں منعقدہ 2 روزہ گوادر ایکسپو2018ء کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی، نمائش کاا ہتمام چائنا پورٹ ،اوورسیز ہولڈنگ اور گوادر پورٹ اتھارٹی نے کیا تھا ۔ 29 اور 30 جنوری کو منعقد ہونیوالی 2 روزہ نمائش میں ہزاروں افراد نے شرکت اور ترجیحیشعبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔ نمائش کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمائش میں 90 کمپنیوں نے 126 اسٹالز لگائے تھے جس میں 40 فیصد چین اور 60 فیصد پاکستانیوں کے اسٹالزشامل تھے۔ نمائش میں انفرااسٹرکچر ، تعمیرات، رئیل اسٹیٹ، بینکاری، لاجسٹک اور سروسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادارے اور کمپنیاں شامل تھیں۔ نمائش کے آخری روز مقامی افراد کو ایکسپو سینٹر میں داخلے کے لیے پاسز جاری کیے گئے تھے۔ نمائش کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندری امور میر حاصل بزنجو نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ اسٹریٹجک اور کمرشل اہمیت کا حامل ہے اور گوادر پورٹ جلد ہی خطے کی سب سے بڑی بندرگاہ بن جائے گی ۔ انہوں نے بلوچستان میں حالیہ تبدیلیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتو ں کی جانب سے خرید و فروخت ملک کی بدقسمتی ہے۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمال الدین کا کہنا تھا کہ گوادر فری پورٹ زون میں 3 طرح کی صنعتوں کو سہولیات دی جائیں گی جس میں اسمال اینڈ میڈیم مینو فیچرنگ، اسمبلنگ پلانٹ ، پروسیسنگ اور ٹریڈنگ انڈسٹریز شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فری زون میں 5صنعتی یونٹس نے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا ہے، ہم نے2023ء تک 400صنعتی یونٹس لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ فری زون میں پاکستانی سرمایہ کار 50 فیصد کی شراکت داری پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپو ہر سال منعقد کی جائے گی جس کا مقصد مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے ۔