۔2018ء کے الیکشن سے پہلے نظام مصطفی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائیگا

125

کوئٹہ(آئی این پی ) پاکستان تحریک لبیک یارسولؐ اللہ بلوچستان کے صدر شیخ الحدیث سردار مولانا محمد وزیر القادری رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک لبیک یارسول ؐاللہ ملک بھر میں ’’ووٹ فار نظام مصطفی مہم ‘‘ چلائے گی ،ووٹ کے درست استعمال کیلیے عوامی شعور بیدار کیا جائے گا ، اجتماعات منعقد کر کے عوام سے نظام مصطفی کیلیے ووٹ دینے کا عہد لیا جائے گا ’’ روٹی کپڑا اور مکان، سب کا ضامن ہے قرآن ‘‘ کا سلوگن عام کریں گے نظام مصطفی اقتدار میں آئے گا تو ظلم، استحصال اور جبر کا خاتمہ ہو گا ،2018ء کے الیکشن سے پہلے نظام مصطفی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا اور عوام کو نظام مصطفی کی برکات سے آگاہ کیا جائے گا ۔سردار مولانا محمد وزیر القادری رضوی نے مزید کہا کہ اہل حق ناموس رسالت کی پاسبانی اور نظام مصطفی کی حکمرانی کیلیے متحد ہو جائیں آئندہ الیکشن میں دینی جماعتوں کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے ،ووٹ کی طاقت سے سیکولر طاقتوں کا راستہ روکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت فحش فلموں کے پھیلتے ناسور کو ختم کرنے کیلیے اقدامات کرے بچوں کے تحفظ کیلیے حکومت کیساتھ ساتھ والدین بھی اپنی ذمے داریاں پوری کریں امریکا پاکستان کے خلاف کاروائی کیلیے کابل میں دہشت گردی کروا رہا ہے ،پاکستان کیخلاف امریکہ اور بھارت نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے لیکن پاکستان کے سیاستدان ملکی سلامتی کی فکر کرنے کے بجائے آپس میں لڑ رہے ہیں سینیٹ الیکشن کے شیڈول کے اعلان سے سازشی عناصر کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔