مصرپاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ سفیر

634

پاکستان اور مصر نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ شیخ عامر وحید
اسلا م آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر جناب احمد فضل یعقوب نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ متعدد مصنوعات کی تجارت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر اور پاکستان کی معیشت کے حجم کو مدنظر رکھا جائے تو تقریبا 20کروڑ ڈالر کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جس کو بہتر کرنے کیلئے دونوں جانب سے بہتر کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میںدلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے ایک سرمایہ کار نے پہلے ہی پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مزید سرمایہ کار پاکستان میں پارٹنرز تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدرای منصوبہ سے مصر کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے کیونکہ اس سے سوئز نہر تک آسان رسائی فراہم ہو گی۔

انہوں نے کہا سیاحت کے شعبے میں بھی پاکستان اور مصر کے مابین باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ مصر اس شعبے میں اچھی مہارت رکھتا ہے اور پاکستان کو اپنی سیاحت کی صنعت کو بہتر طور پر فروغ دینے میں مدد سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صددر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، فاﺅنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، خالد جاوید، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، چوہدری وحید الدین اور زاہد مقبول شامل تھے۔مصر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین عمدہ سیاسی اور فوجی تعلقات ہیں لہذا ن تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بھی بہتر کرنا چائیے ۔انہوںنے کہا کہ براعظم ایشیا ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا فروغ مصر کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کر کے پاکستان افریقی ممالک کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے تجارت کو فروغ دینے کیلئے افریقہ کی طرف دیکھنے کا پلان بنایا ہوا ہے اوراس منصوبے پر عمل درآمد کیلئے مصر کے ساتھ مضبوط تعاون کو فروغ دینا پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مصر پاکستان کو افریقہ کی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں جس کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیاں مضبوط روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متعدد مصنوعات بشمول ادویات پھل اور سبزیاں، ٹیکسٹائل ، کھیلوں کا سامان، آلات جراہی، انفارمیشن ٹیکنالوجی مصر کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہے لہذا مصر پاکستان سے اپنی درآمدات بڑھانے کی کوشش کرے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور مصر کو چائیے کہ باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور ان کو ختم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں جس سے باہمی تجارت بہتر ہو گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے سنیئر نائب صدر محمد نوید کہا کہ پاکستان اور مصر کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ ایک دوسرے سے تجارت سے متعلقہ معلومات کا تبادلہ کریں اور براہ راست پراوزیں شروع کرنے کی کوشش کریں جس سے نہ صرف باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا بلکہ عوامی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔