***۔۔۔۔۔۔ ملک بھر سے ۔۔۔۔۔۔***

118

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پشاور (سی پی پی ) پولیس نے زرعی ڈائریکٹوریٹ پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقاتی حکام نے مختلف کیمروں کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے اعضا کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے آج لاہور بھجوائے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق پشاور حملے میں زخمی 19 افراد کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے، جن میں سے 11 پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال، 6 حیات آبادمیڈیکل کمپلیکس جبکہ 2 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔* اسلام آباد (آئی این پی) پشاور میں دہشت گردی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے2افغان باشندوں سمیت 17 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔ ہفتہ کو پولیس کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا اور شناختی کوائف نہ ہونے پر 2افغان باشندوں سمیت 17 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا جنہیں مزید تفتیش کے لیے تھانے میں منتقل کردیا گیا۔* لاہور (سی پی پی) پنجاب بار کونسل کے چیئرمین ملک عنایت اللہ اعوان ایڈووکیٹ نے صوبے بھر کی بار ایسوسی ایشنوں کے سالانہ انتخابات 13 دسمبر کو کروانے کا حکم دیا ہے، پنجاب بھر کی بارہ بار ایسوسی ایشنوں کی باڈیز کو جاری کیے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت ان بار ایسوسی ایشنوں کی باڈیز 13 دسمبر کو انتخابات کروانے کی پابند ہیں جبکہ صوبے بھر کی ضلع اور تحصیل بار ایسوسی ایشنوں کی باڈیز اپنے انتخابات 13 جنوری کو کروانے کے پابند ہیں۔* سرائے عالمگیر (سی پی پی) سرائے عالمگیرمیں تیز رفتار گاڑی سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آتشزدگی سے 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش جب تیز رفتاری گاڑی سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی جس سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی میں سوار 4 افرا دجھلس کر جاں بحق ہوگئے* احتساب عدالت کوئٹہ نے بدعنوانی ثابت ہونے پر محکمہ تعلیم کے آفیسر سمیت دو ملزمان کو دوسال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زیارت انور انقلابی اور ٹھیکیدار محمد شبیر کیخلاف اسکول کے سامان کی خریداری میں لاکھوں روپے کے خورد برد کا الزام تھا۔ نیب بلوچستان نے کیس کی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرایا تھا۔ احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو دو سال قید اور سات لاکھ 33 ہزار روپے کی سزا سنائی۔ دریں اثنا رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو انسداد دہشت گردی عدالت کوئٹہ میں پیش کیا گیا، ملزم کے خلاف ٹریفک سارجنٹ ہلاکت کیس میں دو گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کوئٹہ ون میں ہوئی۔ پولیس نے ایم پی اے مجید اچکزئی کو عدالت میں پیش کیا، استغاثہ کی جانب سے دوگواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جن کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ کیس کی مزید سماعت نو دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ مجید اچکزئی قتل، اقدام قتل اور اسمداد دہشت گردی کے مقدمات میں نامزد ہیں۔* ڈگری (نمائندہ جسارت) مرکزی جماعت اہلسنت اور سنی میلاد مصطفیؐ کمیٹی ڈگری کی جانب سے تیس روزہ ختم نبوت محافل کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے سلسلے کی 14ویں نشست الہ آباد کالونی میں ہوگی۔ جس میں مرکزی جماعت اہلسنت کے رہنما ختم نبوت سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیؐ کے بارے میں بیان کریں گے۔ جماعت اہلسنت کے پریس سیکرٹری راؤ حسن عقیل نے پریس ریلیز میں کہا کہ محافل کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے، جس میں جماعت اہلسنت کے علما خطابات کررہے ہیں۔* میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) میرواہ گورچانی کے معروف تاجر محمد رفیق راجپوت عرف بلو بھائی جشن میلادالنبیؐ جلوس میں اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے، نماز جنازہ میں چیئرمین چودھری احسان الحق آرائیں، وائس چیئرمین حاجی علی احمد گورچانی، مولانا مشتاق احمد نقشبندی، کونسلر راؤ ضیا القاسمی، شاہد حسین مغل، رانا جاوید یوسف، رانا سلیم اختر، شجاع آباد پریس کلب کے صدر محمد اسماعیل خلجی، عبدالوحید عباسی، ملک مشتاق احمد سمیت معززین شہریوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔* چمن (سی پی پی) چمن کے علاقے کرسچن کالونی کے گیٹ کے باہر دھماکے میں7 سالہ بچہ جاں بحق، دو زخمی ہو گئے۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر چمن اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسٹیشن ہاوس آفیسر گل محمد کا کہنا تھا کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کرسچن کالونی کے گیٹ پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور ایف سی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔