ملک بھر میں کل یکجہتی کشمیر یوتھ ریلیاں نکالی جائیں گی، زبیرگوندل

159

لاہور (وقائع نگار خصوصی) مرکزی صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرید رزاقی نے کل ملک بھر میں جے آئی یوتھ پاکستان کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکلنے والی ریلیوں سے متعلق میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر یوں کی تحریک آزادی کا محافظ ہے۔ پاکستان بھر کی یوتھ کل پرامن طورپر سڑکوں پر آکر پوری دنیا کو پیغام دے گی کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اپنی شہ رگ کو دشمن کے نرغے سے چھڑا کر دم لیں گے۔ ہر نوجوان کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ان ریلیوں میں شریک ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر کاآغاز قاضی حسین احمد نے کیا اور پوری قوم نے اس پر لبیک کہا۔ جبکہ کشمیری ہونے کے دعویداروں نے بھارت سے محبت کے گن گائے مسلمانوں کے قاتل مودی کے ساتھ تحائف کے تبادلے کیے، اپنی نواسی کی شادی میں مدعو کیا۔ پاکستان میں لوٹ مار کا بازار سرگرم کیا۔پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری لانے کے دعویدار ملک سے لوٹی ہوئی دولت باہر منتقل کر رہے ہیں۔ اگر پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ نہیں تو حکمران پاکستان سے دفع ہو جائیں اور بیرون ملک جا کر حکمرانی کریں۔جواز پیش کیا جاتا ہے کہ میاں صاحب کی اولاد کا بزنس باہر ہے تو ٹیکس پاکستان میں کیونکر ادا کریں تو ان سے قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ پھر میاں صاحب کی اولاد پاکستان میں حکمرانی کیسے کرسکتی ہے؟ دوسروں کو اخلاقیات کا درس دینے والے خود اخلاقیات سے عاری معلوم ہوتے ہیں۔ کرپشن اک ناسور ہے جس نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے اس کے گھٹاٹوپ اندھیرے یوتھ پاکستان کے کردار سے روشنیوں میں بدل دیں گے۔ سراج الحق پاکستان کے واحد قائد ہیں جن کا بے داغ ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ وہ پاکستان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔