2018ء، خیبرپختونخوامیں بھی شیر دھاڑے گا،مریم نواز

271

پشاور( صباح نیوز +مانیٹرنگ ڈ یسک )سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانا بناتے ہوئے کہا ہے کہ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا عمران خان نے وعدہ کیاتھا؟ کوئی ایک اسکول خیبرپختونخوامیں دکھایاجائے،خیبر پختونخوا کے
بہن بھائی اپنے علاج کے لیے پنجاب جاتے ہیں۔پشاور میں ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سوات میں شہیدہونے والے بہادربیٹوں کوسلام پیش کرتے ہیں،آج عوامی عدالت نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ دے دیاہے، آج پشاورنے بتادیاہے کہ صادق اور امین کون ہے، آج ہر طرف مسلم لیگ(ن) کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواکے عوام بہادرہیں تو ان کا لیڈربھی دلیرہوناچاہیے،کیا 5برس سازشیں کرنے والاخیبرپختونخوا کے عوام کا لیڈر ہوسکتاہے؟ کنٹینر پر چڑھ کربیٹھے رہنے والالیڈرہوسکتاہے؟کیا الزام،بہتان لگانے والا آپ کا لیڈر ہوسکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پشاورکے ووٹوں کے جواب میں کنٹینرلے آیااورساڑھے4برس اس پر بیٹھارہا،کیا خیبرپختونخوا کے عوام کا اتنا حق نہیں تھاکہ ایک اچھااسپتال مل جاتا، کہاں ہے وہ بجلی جو عمران خان نے بناکردوسرے ملکوں کوبرآمدکرنی تھی،خیبرپختونخواکے عوام ڈینگی میں پڑے تھے اورلیڈرپہاڑوں پرچڑھ کربیٹھاتھا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4برس بعد عمران خان کی نیندکھلی تو پتا چلا نوازشریف10ہزارمیگاواٹ بجلی بناگیا،نوازشریف نے موٹرویز کا جال بچھادیا، دہشت گردی کے اندھیرے ختم کرگیا، نوازشریف پاکستان کوبناگیا،آج پورا پشاور کھدا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹی عاصمہ، عاصمہ رانی، شریفاں بی بی کے قاتل کہاں ہیں؟عاصمہ بیٹی،عاصمہ رانی اورشریفاں بی بی کے گھروالے عمران خان کی راہ دیکھتے رہے،عمران خان جہاں جاتے ہوپنجاب پولیس کوگالیاں دیتے ہو،ہم خیبرپختونخوا کی پولیس کو کچھ نہیں کہیں گے، وہ ہمارے بھائی اور بیٹے ہیں، خیبرپختونخواکی پولیس نااہل نہیں،نااہل عمران خان ہے۔مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں بھی 2018ء میں شیر دھاڑے گا، پنجاب کی طرح ترقی خیبرپختونخوا میں بھی ہوگی۔انہوں نے کارکنوں سے وعدہ لیا کہ اپنے ووٹ کی توہین کا بدلہ مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دے کرلوگے،وعدہ کریں ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کی عزت کرائیں گے۔