بیرونی قوتوں کو مسلم ایٹمی ریاست کا وجود برداشت نہیں ہورہا، میاں مقصود

129

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے سوات میں فوجی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن سمیت 11 اہلکاروں کی شہادت المناک واقعہ ہے۔ اس بزدلانہ فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پاکستان کے عوام اور اس کی بہادر افواج دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہیں۔ ملک دشمن بیرونی قوتوں نے اپنی ناکامی کے خوف سے اب اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں۔ سازش کے تحت پاکستان کی مسلح افواج اوردفاعی صلاحیت کونشانہ بناکر کمزور کیاجارہا ہے۔ دشمن قوتیں اپنے تمام مذموم عزائم میں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی را، اسرائیل کی موساد اور امریکی سی آئی اے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت سے خائف ہوکر ہمیں داخلی انتشار سے نقصان پہنچاناچاہتی ہیں۔ انہیں دنیا کی پہلی ایٹمی مسلم ریاست کا وجود برداشت نہیں ہورہا۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں دشمن اپنے مخفی ایجنڈوں کی تکمیل چاہتے ہیں مگروہ یہ بات بھول چکے ہیں کہ جذبہ شہادت سے سرشار پاکستانی قوم ان کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد سے اب تک پندرہ برسوں میں دشمنوں کے گٹھ جوڑ نے پاکستان کی سلامتی کونقصان پہنچانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا مگر الحمدللہ پاکستان آج بھی قائم ودائم اور اس کے عوام پہلے سے زیادہ مضبوط اورتوانا عزم کے ساتھ اپنادفاع کرنا جانتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے حکمران ملک وقوم کی سلامتی کو مقدم رکھنے کے لیے ایسی پالیسیاں مرتب کریں جو حقیقی معنوں میں عوامی تحفظ کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ مکے لہرا کر قوم کو للکارنے والا سابق ڈکٹیٹر اگر امریکا کے سامنے بہادری کا مظاہرہ کرتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ساری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ امریکا پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ایران اور شمالی کوریا کا کچھ نہیں بگاڑ سکا۔ وہ دنیا کے بیشتر ممالک کے ساتھ مل کر افغانستان میں ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اس کا ساراملبہ پاکستان پرگرانا چاہتا ہے۔