مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی خاموشی ناقابل فہم اورمجرمانہ ہے،راجا محمد جواد

118

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کشمیرریلی کی قیادت مرکزی امیر سینیٹرسراج الحق کریں گے دن12بجے ریلی کا آغاز آبپارہ چوک اسلام آباد سے ہوگا،ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیا ایڈووکیٹ کے مطابق ضلع بھرسے قافلے زونل وضلعی ذمے داران کی زیرقیادت کھنہ پل ایکسپریس وے پہنچیں گے جہا ں سے مرکزی جلوس کی قیادت قائم مقام امیرضلع راجا محمدجواد ودیگرقائد ین کریں گے۔ اس موقع پرمردوخواتین کے علاوہ نوجوانوں اوربچوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی ۔قبل ازیں ضلع میں یکجہتی کشمیرویک کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے راجا محمدجواد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی ناقابل فہم اورمجرمانہ ہے، ہندوستانی فوج کے ظلم کے باوجود کشمیری عوام پاکستان سے محبت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلندکرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمران عالمی سطح پر کشمیر کیس مؤثراندازمیں پیش نہیں کرسکے اور نہ ہی پاکستان کی بقا کی جنگ لڑنے والے کشمیریوں کے زخموں پرمرہم رکھ سکے ہیں۔ عوام 5فروری کوکشمیری عوام پرظلم کے خلاف باہرنکلیں اوراپنے مظلوم مسلمان بھائیو ں سے یکجہتی کا عملی اظہار کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ کشمیری عوام ظلم کا شکار اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں ، جماعت اسلامی ان کی پشتیبان ہے اورہم اپنی مظلوم بہنوں اوربھائیوں کی ہرممکن مددجاری رکھیں گے۔