تبلیغی جماعت کا اجتماع

315

انبیا کے مشن، دین سکھانے، اپنے اوپر دین کو نافذ کرنے اور دنیا کے تمام انسانوں کو دین حق پر لانے کی جد وجہد میں ہمہ وقت کوشاں تبلیغی جماعت کا تین روزہ اجتماع اختتام کو پہنچا۔ اس اجتماع میں ہزاروں افراد کی جانب سے ملک کے اندر اور باہر خود کو تبلیغ کے لیے پیش کیا گیا۔ ان کے وفود کو روانہ کرنے کے علاوہ مبغلین نے بہترین انداز میں امت کی رہنمائی کی اور بجا طور پر یہ پیغام عام کیا کہ دین کو پھیلانا ہر امتی کا فرض ہے۔ اگر امت کے لوگ یہ فریضہ انجام دیں گے تو اﷲ پاک بھی سرپرستی کرے گا اور دشمن پر ان کی دھاک بٹھادے گا۔ لیکن شرط یہی ہے کہ اپنے اوپر بھی دین کو نافذ کریں اور دوسروں تک پہنچائیں۔ اجتماع کے آخری روز لاکھوں کی تعداد میں اہل کراچی اور مضافات سے آنے والوں نے شرکت کی۔ تبلیغی جماعت عوام الناس کو مسجد تک پہنچاکر دین سے لاکھوں لوگوں کا رشتہ جوڑ رہی ہے۔ اس سے آگے علما اور دین کے فروغ کے لیے کام کرنے والوں کی ذمے داری ہے کہ ان لوگوں کو دین کے صحیح کاموں میں لگائیں۔ ان کی مدد سے ان کے گھروں کو، ان کے محلوں کو اور پھر پورے معاشرے کو تبدیل کریں۔ اسی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی اور روشن مستقبل کا راز پنہاں ہے۔ یہ ملک تو حاصل ہی اسلام کے لیے کیا گیا تھا۔