جماعت اسلامی کشمیرکے مظلوم عوام کی پشتیبان ہے ،راجا جواد

191

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے زیراہتمام ملک بھرمیں کشمیر ڈے منایا گیا ۔ا س موقع پریکجہتی کشمیر ریلیاں، سیمینارز اورآل پارٹیزکانفرنسز سمیت دیگرپروگرامات منعقد کیے گئے۔ فیض آباد سے آبپارہ تک یکجہتی کشمیرریلی کی قیادت قائم مقام امیرضلع راجا محمد جواد ، ظفرالحسن جوئیا ،محمدوقاص خان ، امتیازعلی اسلم اور محمدتاج عباسی سمیت دیگررہنماؤں نے کی۔قبل ازیں گوجرخان ، کلرسیداں ،ٹیکسلاواہ کینٹ سے مختلف ریلیاں فیض آباد پہنچیں ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے راجا محمد جواد نے کہاکہ قاضی حسین احمد ؒ نے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جس کے باعث پوری قوم مل کر5فروری کو یکجہتی کشمیر ڈے مناتی ہے۔ جماعت اسلامی کشمیرکے مظلوم عوام کی پشتیبان ہے ، کشمیر کی آزادی روزروشن کی طرح عیاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکا اور بھارت مل کر پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے کیلیے سازشیں کررہے ہیں لیکن ہم پرامن اندازمیں مسئلہ کشمیرکا حل چاہتے ہیں ، ایٹمی صلاحیت کے حامل ہندوستان اور پاکستان میں جنگ ہوئی تو پھریہ جنگ محض دوممالک تک محدود نہیں رہے گی بلکہ خطے سمیت پوری دنیا اس کی لپیٹ میں آجائے گی اس لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو سنجیدگی سے بھارتی عزائم کومانیٹرکرنا چاہیے او رکشمیر ی عوام کی رائے کے مطابق ان کے پاکستان سے الحاق کیلیے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔ بعدازاں مرکزی ریلی آبپارہ میں امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹرسراج الحق کی زیرقیادت یکجہتی کشمیر مارچ کا حصہ بن گئی ۔