سیکولر قیادت کشمیر کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے‘ مشتاق خان

301

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا راستہ اسلام آباد سے گزرتا ہے۔ سیکولر قیادت کشمیر کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے، جب تک اسلام آباد سے سیکولر جماعتوں کو نہیں نکالا جاتا کشمیر آزاد نہیں ہوسکتا، کشمیری مسلمان آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ان کی جدوجہد کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس پر بھارتی تسلط قبول نہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے اور کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ مودی خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، امریکا خطے میں بھارت کی چودھراہٹ قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو گزشتہ ستر سال سے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے مقابلے میں آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ برہان مظفر وانی جدوجہد آزادی کشمیر کے روح رواں اور کشمیریوں کے ہیرو ہیں۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے اپیل ہے کہ مودی پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ’’یکجہتی کشمیر مارچ‘‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں نشتر ہال پشاور میں محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام نے جدوجہد آزادی کا جو جھنڈا اٹھایا ہے وہ تکمیل پاکستان پر منتج ہوگا۔ برہان مظفر وانی نے سری نگر سے واشنگٹن اور اقوام متحدہ کے اداروں تک ہلاکے رکھ دیا، یہ جہاد کی طاقت اور شہادت کا جذبہ ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔