کشمیر کی آزادی قومی ایجنڈا ہے، انحراف ممکن نہیں، سردار ظفر

207

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کارکنوں نے کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ، محبوب الزماں بٹ، شیخ محمد مشتاق، رانا وسیم، اکرم کھرل،غلام عباس، خالد محمود چودھری، میاں عبدالکریم، رانا عدنان، میاں اعجاز اور دیگر کی قیادت میں چنیوٹ بازار سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین، معصوم بچے اور شہر بھر سے سیکڑوں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں پر جماعت اسلامی کے کارکن زونل امرا کی قیادت میں جلوسوں کی شکل میں شریک ہوئے۔ ریلی میں شریک معصوم بچے کشمیری پرچم اٹھا کر کشمیر سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے رہے۔ ریلی کے اختتام پرکچہری بازار چوک پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی قومی ایجنڈا ہے جس سے انحراف کرنے والے کو قوم ایک لمحہ کے لیے برداشت نہیں کرے گی، حکمران بھارت سے تعلقات بڑھانے اور تجارت کے لیے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے لیے بے قرار ہیں ۔ بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانے والے بھلا بیٹھے ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازع کشمیر کا مسئلہ ہے ،جسے حل کیے بغیر تعلقات کی بحالی کے مصنوعی اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی۔