پنجگور اور خضدار میں بم دھماکے،3 افراد جاں بحق ،8 زخمی

158

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)پنجگور اور خضدار میں بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ چاغی میں ایف سی کے ساتھ مقابلے میں دو منشیات اسمگلر مارے گئے۔ پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان میں بسم اللہ چوک پر دھماکا موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں کامران مینگل نامی شخص کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کامران مینگل کا بھائی سلیمان جاں بحق جبکہ کامران مینگل سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں کامران مینگل کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق کامران مینگل یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کے بعد واپس گھر کی طرف جارہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ادھر خضدار میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دھماکے سے کچھ دیر قبل یوم یکجہتی کشمیر ریلی گزری تھی۔ دوسری جانب چاغی میں پاک ایران سرحدی علاقے نوکنڈی میں ایف سی اہلکاروں اور منشیات کے اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو منشیات اسمگلر مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ فائرنگ کے بعد ہلاک اسمگلر کے کئی ساتھی فرار ہوگئے۔ فرار ہونے سے قبل ملزمان نے منشیات سے بھری گاڑی کو آگ لگادی۔